بھینسہ حادثہ کے مہلوکین کو تلنگانہ حکومت کی مدد

تلنگانہ کے وزیر ہریش راو نے کہا ہے کہ ضلع عادل آباد کے بھینسہ میں سڑک حادثہ میں مرنے والوں کے ارکان خاندان کی حکومت ہر طرح سے مدد کرے گی۔ واضح رہے کہ مہاراشٹرا سے تعلق رکھنے والا خاندان کل رات دیر گئے ایک آٹو میں مندر جارہا تھا کہ ان کے آٹو کو لاری نے ٹکر دے دی اس حادثہ میں ایک ہی خاندان کے 16 افراد ہلاک ہوگئے جن میں چھوٹے چھوٹے 7 بچے بھی شامل ہیں۔ تلنگانہ کے وزراء ہریش راو، اندرا کرن ریڈی رکن پارلیمنٹ ناگیش نے بھینسہ کے اسپتال پہنچ کر مرنے والوں کے ارکان خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا۔ ہریش راو نے کہا کہ مہلوکین کو ٹی آر ایس پارٹی کی جانب سے فی کس 25 ہزار روپئے دیئے جائیں گے۔ انھوں نے مزید کہا کہ مرنے والوں کی آخری رسومات کے انتظامات حکومت کی جانب سے کئے جائیں گے۔ ہریش راو نے مہاراشٹرا کے وزیر سے فون پر بات چیت بھی کی۔