اردو یونیورسٹی میں عروج 2019 ، جشنِ انتظامیہ کا کامیاب انعقاد

حیدرآباد، 14 فروری (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں شعبہ مینجمنٹ اسٹڈیز کے زیر اہتمام سہ روزہ ثقافتی و تعلیمی پروگرام ”عروج 2019“ کا آج اختتام عمل میں آیا۔ جشن کے دوران مختلف موضوعات کے تحت پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو ابھارنے والی مسابقتی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا۔ 

پروفیسر عبدالعظیم ، صدر شعبہ¿ مینجمنٹ اسٹڈیز کے بموجب ، شعبہ مینجمنٹ اسٹڈیز کے زیر اہتمام اس جشن کا 2 سال سے انعقاد کیا جارہا ہے تاکہ طلبہ میں علم، قائدانہ صلاحیتیں، اُن کی شخصی صلاحیتیں، ٹیم اسپرٹ، ہمہ جہت امور کی انجام دہی، وقت کا انتظام و انصرام اور نمائندگی کی مہارت کو ابھرنے کا موقع فراہم ہو۔ ڈاکٹر ایم اے سکندر، رجسٹرار نے 12 فروری کو اس جشن کا افتتاح انجام دیا تھا۔ 

بیسٹ ایڈورٹائزر، فینانس (فرضی اسٹاک مارکٹ)، انسانی وسائل (رول پلے)، جنرل مینجمنٹ، آنٹراپرینیورشپ (اننوویٹر، بزنس پلان پریزنٹیشن)، جنرل مینجمنٹ (بزنس کوئز)، پوسٹر سازی، نصابی سرگرمیاں (ٹیلنٹ ہنٹ ڈرامہ، مباحثہ)، فوڈ کورٹ کی پیشکشی اور مختلف کھیل اس جشن کا حصہ ہیں۔ 

اس سہ روزہ پروگرام کا اختتامی اجلاس آج سی پی ڈی یو ایم ٹی آڈیٹوریم میں منعقد ہوا۔ جناب سی ومشی، سی ای او اور شریک بانی، تھرڈ لیف، حیدرآباد مہمانِ خصوصی تھے ۔ اس موقع پر طلبہ میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ شعبہ کے اساتذہ ڈاکٹر ریشما نکہت، جناب سید علوی کے اور ڈاکٹر محمد راشد فاروقی اس جشن کے ثقافتی کوآرڈینیٹرس ہیں۔ جشن انتظامیہ کے تحت آج منعقدہ فوڈ فیسٹ میں طلبہ، اساتذہ اور اسٹاف کا ہجوم دیکھا گیا۔ فیسٹ کی خوبی یہ تھی کہ مینجمنٹ شعبہ کے طلبہ نے اپنی ریاستوں اور علاقوں کے پکوان خود تیار کیے اور اپنے ہاتھوں تیار کردہ اسٹالس میں انہیں فروخت بھی کیا۔