تلنگانہ کی یوم تاسیس پر ریاست بھر میں جشن

تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے 2 جون کو یعنی ریاست کی یوم تاسیس کے موقع پر ریاست بھر میں تہوار کا اہتمام کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ہے۔ انھوں نے اس سلسلہ میں ایک جائزہ اجلا س طلب کیا۔ اس اجلاس میں یوم تاسیس تقاریب کا اہتمام کرنے والی کابینی ذیلی کمیٹی کے صدرنشین این نرسمہاریڈی، ریاستی وزیر ای راجندر چیف سکریٹر راجیو شرما اور دوسرے موجود تھے۔

کے سی آر نے کہا کہ 2 جون کو ریاست بھر میں جشن کا ماحول ہونا چاہیئے۔ اس دن حیدرآباد میں ایک تقریب کا اہتمام کیا جائے گا جس میں گورنر ای ایس ایل نرسمہن بھی شرکت کریں گے۔ چیف منسٹر نے اس دن سرکاری اسپتالوں میں زیر علاج مریضوں میں پھل تقسیم کرنے، یتیم و یسیر بچوںکے علاوہ نابینا طلباء میں پھل اور مٹھائیاں تقسیم کرنے کی ہدایت دی ۔ کے سی آرنے ریاستی عوام سے یوم تاسیس کے موقع پر مساجد، منادر، گردواروں ،گرجاگھروں اور دیگر مذہبی مقامات پرریاست کی ترقی اور خوش حالی کے دعائیں کرنے کی خواہش کی ہے۔