نیشنل

کرناٹک کےسینئر بی جےپی لیڈر کے ایس ایشورپا انتخابی سیاست سے سبکدوش

بنگلورو۔کرناٹک کے سینئر بی جے پی لیڈر اور شیموگہ کے رکن اسمبلی کے ایس ایشورپا نے منگل کو پارٹی کے قومی صدر جے پی نڈا کو ایک مکتوب لکھ کر اعلان کیا کہ وہ انتخابی سیاست سے سبکدوش ہورہےہیں۔جس کے بعد سے یہ خط سوشل میڈیا نیٹ ورک سائٹس پر وائرل ہو گیا ہے۔ انہوں نے پارٹی قائدین سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ کسی بھی اسمبلی حلقہ کے لئے ان کے نام پر غور نہ کریں۔

نڈا کو مکتوب لکھنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایشورپا نے کہا کہ کرناٹک میں بی جے پی کو ابھی تک مکمل اکثریت حاصل نہیں ہوئی ہے۔ لوگوں نے بی جے پی کو ریاست میں اکثریت کے بغیر حکومت کرنے کا موقع دیا، انہوں نے کہا کہ ان کا واحد مقصد کرناٹک میں بی جے پی کو مکمل اکثریت کے ساتھ اقتدار میں لانا ہے۔

واضح رہےکہ بی ایس یدیورپا نے کرناٹک میں چار بار چیف منسٹر کی حیثیت سےکام کیا، جب کہ سدانند گوڑا، جگدیش شیٹر، اور بسواراج بومائی بھی بی جے پی سے چیف منسٹر بنے۔ تاہم، پارٹی کوسابقہ انتخابات میں مکمل اکثریت نہیں ملی۔جس کےپیش نظر ایشورپا نے کہاکہ انہوں نے انتخابی سیاست سے سبکدوش ہونے اور پارٹی کو اکثریت حاصل کرنے میں مدد کرنے کا فیصلہ کیا۔

ایشورپا نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ پارٹی قائدین کی طرف سے دی گئی کسی بھی نئی ذمہ داری کوقبول کرنے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ پارٹی صدر ان کا فیصلہ قبول کریں گے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button