انٹر نیشنل

کویتی وزارت بلدیات سےغیرملکیوں کو فارغ کیا جائے گا

حیدرآباد ۔ کے این واصف

خلیجی ممالک میں مقامی باشندون کو روزگار فراہم کرنے کے لئے خارجی باشندوں کو ان کی ملازمتوں سے فارغ کیا جاتا ہے۔ یہ مہم سعودی عرب مین سب سے زیادہ تیزی سے جاری ہے۔ اس سلسلہ میں اب کویتی وزیرمملکت برائے بلدیاتی امور و وزیر مملکت برائے مواصلات فہد الشعلہ نے کہا ہے کہ بلدیہ کے تمام اداروں اور شعبوں کی کویتائزیشن کا مشن پرتیزی سے عمل جاری ہے۔

مقررہ نظام الاوقات کے مطابق بلدیہ کے تمام شعبوں سے غیرملکیوں کو فارغ کیا جائے گا اور ان کی جگہ کویتی شہریوں کو روزگار دیا جائے گا۔  کویتی اخبار’الرای‘ کے مطابق الشعلہ نے مزید کہا ہےکہ ہروہ کام جسے مقامی شہری کرسکتے ہوں اس کی جگہ کام کرنے والے غیرملکی کو فارغ کردیا جائے گا۔

الشعلہ نے تمام اداروں میں کام کرنے والے غیرملکی کارکنان کی فہرستیں طلب کرلیں۔ انہوں نے کہا کہ غیرملکی کارکن بلدیاتی کونسلوں کی شاخوں میں کثیر تعداد میں ہیں جبکہ حالیہ ایام کے دوران بلدیاتی کونسلوں کے اداروں اور شعبوں میں ان کی تعداد کم کردی گئی ہے۔

الشعلہ نے توجہ دلائی کہ بلدیاتی کونسلوں کے بعض اداروں میں انسپکٹرز کی قلت ہے اس مسئلے کو حل کیا جائے گا خصوصا صفائی کے شعبے میں انسپکٹرز کی تعداد بڑھائی جائے گی۔ واضح رہے کہ کویت میں ہندوستانیوں کی ایک بہت بڑی تعداد کام کرتی ہے۔ کوئتائزیشن کی وجہ سے ہندوستانی باشندوں کی ایک بڑی تعداد اپنی ملازمتوں سے محروم ہوجائے گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button