ملازمین کے ساتھ انتقام کی سیاست نہ کریں: محمد علی شبیر

حیدرآباد -10 اکتوبر ( اردو لیکس) سابق وزیر اور تلنگانہ قانون ساز کونسل میں سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر نے ہڑتالی ملازمین کو  آر ٹی سی ہاسپٹل میں علاج سے انکار کرنے پر ٹی آر ایس حکومت کی شدید مذمت کی ۔صحافت کے لئے جاری بیان میں محمد علی شبیر نے کہا کہ ملازمین کو علاج کی سہولت سے محروم کرنا سراسر غیر انسانی اور مکمل طور پر ناقابل قبول حرکت ہے۔ ملازمین نے کئی دہائیوں سے آر ٹی سی کی خدمت کی ہے اور صرف اس وجہ سے کہ انہوں نے ہڑتال سے دستبرداری کے چیف منسٹر چندرشیکھر راؤ کے حکم کی نافرمانی کی ، ان کے ساتھ غیر انسانی سلوک نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہڑتال منظم کرتے ہوئے ملازمین اپنے حقوق کے لئے جدوجہد کررہے ہیں  محمد علی شبیر  نے کے سی آر کو مشورہ دیا کہ وہ ملازمین کے ساتھ انتقام کی سیاست نہ کریں۔ انہوں نے کہا کے سی آر نے  تمام سیاسی مخالفین کو شخصی نشانہ بنایا ہے اس کے لئے انہوں نے  پولیس اور انتظامیہ کا غلط استعمال کیا ہے۔ لیکن انھیں سیاسی مخالفین اور ملازمین میں فرق کرنا سیکھنا چاہئے۔کانگریس لیڈر نے تمام سرکاری محکموں کے ملازمین کو متحد ہونے اور آر ٹی سی ملازمین کی تائید میں ٹی آر ایس حکومت کے رویہ کے خلاف آواز اٹھانے کی اپیل کی ۔انہوں نے کہا اگر آپ آج خاموش رہیں یا کے سی آر کی حمایت کریں تو کل آپ کی باری آئے گی۔اس طرح ایک کے بعد ایک ، کے سی آر تمام یونینوں کو ختم کر کے ملازمین کو ظالمانہ اور غیر انسانی طریقوں سے غلام بنادیں گے۔