مولانا آزاد یونیورسٹی ایم سی جے میں داخلوں کی تاریخ میں توسیع

مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں ایم اے (جرنلزم و ماس کمیونکیشن) میں داخلوں کی تاریخ میں 11؍جولائی 2016ء تک توسیع کی گئی ہے۔ پروفیسر احتشام احمد خان، ڈین و صدر، ترسیل عامہ و شعبہ صحافت کے مطابق طلبہ کی سہولت کے پیش نظر یہ توسیع کی گئی ہے۔ داخلہ میرٹ کی اساس پر دیا جائے گا۔ نئے تعلیمی سال 2016-17 کے لیے شعبہ ترسیل عامہ و صحافت کے دو سالہ پوسٹ گریجویشن کورس (MJMC) میں داخلوں کے لیے ڈگری کامیاب ایسے امیدوار جنہوں نے اردو ایک مضمون کے طور پر پڑھا ہے اور کسی بھی مضمون سے گریجویشن میں مجموعی نشانات 45فیصد یا اس سے زیادہ حاصل کیے ہوں داخلے کے اہل ہیں۔ شعبہ سے فارغ التحصیل کئی طلبہ سرکاری ملازمتوں کے علاوہ ملک و بیرون ملک کئی اہم اداروں میں اعلیٰ عہدوں پر فائز ہیں۔ مزید تفصیلات کے لیے یونیورسٹی ویب سائٹ www.manuu.ac.in یا صدر شعبہ سے فون نمبر 23008354 پر ربط پیدا کریں۔