انٹر نیشنل

عمرہ ویزے کی مدت سے متعلق سعودی وزارت حج و عمرہ کی وضاحت

ریاض ۔ کے این واصف

حکومت سعودی عرب نے ویزا کے اجراء میں بہت سی آسانیاں پیدا کردی ہیں حد تو ہیکہ اب سعودی کا ویزا آن لائن بھی آسانی سے دستیاب ہے۔ اور اب وزٹ ویزا یا عمرہ ویزا میں کوئی زیادہ فرق باقی نہیں رہا سوائے ان کی مدت کے۔ عمرہ ویزا زیادہ سے زیادہ تین ماہ کا ہوتا ہے اور وزٹ ویزا کی مدت زیادہ ہو سکتی ہے۔

 

پھر بھی ویزا حاصل کرنے والوں کے ذہن مشین سوال پیدا ہوتے ہیں۔ اس سلسلہ میں سعودی وزارت حج و عمرہ نے تین ماہ کے لیے جاری ہونے والے عمرہ ویزے کی مدت کے حوالے سے وضاحت کی ہے ۔عکاظ اخبار کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے کہا کہ عمرہ ویزا اب 3 ماہ کے لیے جاری کیا جارہا ہے اور اس کی تین ماہ کی میعاد ویزے کے اجرا سے شروع ہوجائے گی۔

 

وزارت نے اپنے ایکس (ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر صارفین کے استفسار پر وضاحت کی کہ عمرہ ویزے کی میعاد کب سے شروع ہوتی ہے؟ جواب میں وزارت حج و عمرہ نے کہاکہ عمرہ ویزے کی میعاد اس کے اجرا کی تاریخ سے تین ماہ ہے بشرطیکہ اس کی میعاد ھجری سال کی 15 ذی قعدہ کے بعد ختم نہ ہو ۔

 

سعودی حکام نے ہر سال حج سیزن اور مکہ اورمدینہ میں زائرین کی آمد کے پیش نظر بیرون مملکت سے آنے والے عمرہ زائرین کے ویزوں کی میعاد ختم ہونے کی آخری تاریخ 15 ذی قعدہ کی منظوری دی ہے۔واضح رہے کہ پہلے عمرہ سیزن 29 ذی قعدہ کو ختم ہوتا تھا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button