جنرل نیوز

جنتا کرفیو کو کامیاب بنانے ضلع نارائین پیٹ کے مختلف شخصیات کی اپیل

جنتا کرفیو کو کامیاب بنانے کی اپیل

نارائین پیٹ (پریس نوٹ) آستانہ کولم پلی کے سجادہ نشین، اشرفیہ ایجوکشنل سوسائٹی کے بانی و صدر جناب سید شاہ جلا ل حسینی اشرفی، نارائین پیٹ ضلع کے سینئر ایڈوکیٹ وسابق رکن بلدیہ جناب عبدالسلیم، فیضان ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی نارائین پیٹ کے صدر و سینئر صحافی ڈاکٹر تبریز حسین تاج، فیضان ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی نارائین پیٹ کے نائب صدر واسکالر جناب فضل الرحمن نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کل اتوار یعنی 22مارچ کو وزیراعظم نریندرمودی کی جانب سے اعلان کردہ اور تلنگانہ کے چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے حمایت کردہ جنتا کرفیو کو کامیاب بنانے کی اپیل کی ہے۔مذکورہ قائدین کا کہنا ہے کہ اِس مشکل گھڑی میں تمام شہریوں کا یہ قومی فریضہ ہے کہ وہ اپنے اپنے نظریاتی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ایک جوٹ ہوکر اس خطرناک جان لیوا مرض کا مقابلہ کرنے میں قوم کا ساتھ دیں۔اِن قائدین نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں پھیلائے جارہے افواہوں پر توجہ نہ دیں بلکہ صفائی کا خاص خیال رکھیں اور غیر ضروری خوفزدہ نہ ہونے کی بھی اپیل کی ہے۔جنتا کرفیو کے دوران گھروں سے باہر نہ آئیں بلکہ گھروں میں ہی اللہ تعالی کی عبادت کا اہتمام کریں۔ کیونکہ اللہ کی ذات ہی ایک واحد ذات ہے جو پل بھر میں اس وائرس کو کرہ ارض سے ختم کرسکتی ہے۔یادرہے وزیراعظم نریندرمودی نے کل صبح 7بجے سے رات 9بجے تک جنتاکرفیو کا اعلان کیا ہے جبکہ تلنگانہ کے چیف منسٹر کے سی آر نے اس کی حمایت 24گھنٹوں کے جنتا کرفیو کا اعلان کیا ہے۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button