جنرل نیوز

اردو صحافیوں کو خصوصی مالی اعانت جاری کرنے عزیز پاشاہ سابق ایم پی کا تلنگانہ کے چیف منسٹر کو مکتوب

حیدرآباد -17 مئی ( پریس ریلیز) عزیزپاشاہ سابق رکن راجیہ سبھا سی پی آئی وصدر آل انڈیا تنظیم انصاف نے تلنگانہ کے وزیراعلی کے چندرشیکھرراو کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے ریاست کی دوسری سرکاری زبان اردو کے مسلمہ و غیر مسلمہ صحافیوں کے لئے خصوصی مالی اعانت دینے کامطالبہ کیا اور کہا کہ اردو کے ہر صحافی کو15000روپئے موجودہ لاک ڈاون کی صورتحال کے پیش نظر جاری کئے جائیں۔انہوں نے کہاکہ لاک ڈاون اور کورونا وائرس کی وبا کے سبب لیبر طبقہ کے ساتھ ساتھ یومیہ اجرت پر کام کرنے والے محنت کش طبقات معاشی پسماندہ طبقات ہر طرح کے بحران کا شکار ہیں اور گذشتہ دو ماہ میں ان کے حالات قابل رحم ہوگئے ہیں۔جس طرح دیگر شعبہ جات کے افراد کو ممکنہ سہارا دیئے جانے کی کوششیں قابل ستائش ہیں وہیں اردوصحافیوں کے لئے امداد کی اجرائی موجودہ حالات میں ناگزیر ہے۔عزیز پاشاہ نے کہا کہ ایک جانب ریاست میں تمام طبقات کو امداد کے دعوے کئے جارہے ہیں تو وہیں اردو صحافیوں کے غیر معمولی تعمیری مثبت قومی مفاد میں کئے گئے کام کو پیش نظر رکھتے ہوئے عاجلانہ طورپر امداد جاری کی جائے تاکہ عیدالفطر کے موقع پر ان کے چہروں پر بھی مسکراہٹ دکھائی دے۔اس موقع پر سینئر صحافیوں طاہر رومانی،فرید ضیائی،سید علی الدین احمد اور حمید الدین محمود نے بھی کہا کہ سخت آزمائشی حالات میں اپنی زندگیوں کو جوکھم میں ڈالتے ہوئے اردو صحافی کورونا کی جنگ میں دیگر صحافیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہوکر اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں اور کئی چیلنجس کا ان کو سامنا ہے۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button