جنرل نیوز

اردو صرف زبان نہیں بلکہ ایک تہذیب ہے:ذکی طارق

بارہ بنکی(ابوشحمہ انصاری)اردو اخباروں میں اپنے کلام کے ذریعہ یکساں مقبولیت رکھنے والے انٹرنيشنل شاعر اترپردیش کے بارہ بنکی سے شاٸع ہفت روزہ "صداۓ بسمل "کے ایڈیٹر ذکی طارق بارہ بنکوی نے اجمیر شریف زیارت کے دوران میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات صحیح ہے کہ ملکی سطح پر اردو زبان روبہ زوال ہوئی ہے کیونکہ اردو کا فروغ صرف مشاعروں یا شعری نشستوں سے نہیں ہوگا بلکہ اس کے لئے زمینی سطح پر اورعملی طور پر ہمیں محنت کرنی ہوگی۔اپنے بچوں کو اردو زبان کے تئیں رغبت دلانی ہوگی۔ ان میں دلچسپی پیدا کرنی ہوگی۔ ان کی تعلیم میں اردو کے مضامین شامل کرنے ہوں گے اور انہیں بتانا ہوگا کہ ملک کی گنگا جمنی تہذیب میں اردو زبان کا کیا کردار ہے۔ ملک کی آزادی میں اردو کی کیا خدمت رہی ہے۔ اردو زبان صرف زبان نہیں بلکہ ایک تہذیب ہے جس میں شائستگی اور مٹھاس ہے۔

 

ذکی طارق بارہ بنکوی نے مزید کہا کہ اردو زبان اب ایک بین الاقوامی زبان بن چکی ہے، ہندوستان پاکستان کے علاوہ بڑی تعداد یورپ میں آباد ہے جو روزمرہ میں اردو استعمال کرتی ہے، ٹیکنالوجی کے اس دور میں اردو پہلے کے مقابلے زیادہ ترقی کر رہی ہے اور امکان ہے آنے والے دنوں میں اردو جاننے اور پڑھنے والے بڑے پیمانے پر سامنے آئیں گے۔

 

 

 

 

 

 

 

 

متعلقہ خبریں

Back to top button