خلائی میدان میں ہندوستان کی ایک اور کامیابی , پی ایس ایل وی وی 34 کا تجربہ کامیاب

ہندوستان نے خلائی میدان میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے پی ایس ایل وی 34 کو خلاء میں چھوڑا۔ ہندستان کے خلائی تحقیق کے ادارے اسرو نے آج صبح سری ہری کوٹہ میں واقع ستیش دھون خلائی مرکز سے پولر سٹیلائیٹ لانچ وہیکل (پی ایس ایل وی۔ سی 34) کے ذریعہ اپنی 36 ویں پرواز 727.5 کلو گرام وزنی کارٹو سیٹ -2 سیریز کے سٹیلائیٹ اور 19معاون مسافر سیارچے کو لانچ کیا۔ یہ پولر سٹیلائیٹ لانچ وہیکل (پی ایس ایل وی) کا 35 واں لگاتار کامیاب مشن اور ایکس ایل اجزائے ترتیب میں چودھواں کامیاب مشن ہے۔ پی ایس ایل وی سی 34 کے ذریعہ لے جارہے کل 20 سٹیلائیٹوں کا مجموعی وزن 1288 کلو گرام تھا۔
پی ایس ایل وی ۔ سی 34 کی پرواز خلائی مرکز کے دوسرے لانچ پیڈ سےہندستانی وقت کے مطابق صبح 9 بجکر 26 منٹ پر ہوئی۔ مختلف مراحل سے گذرنے کے بعد پی ایس ایل وی سی 34 کی پرواز کامیاب رہی۔ تمام امور طے شدہ پلان کےمطابق انجام پائے۔ پی ایس ایل وی سے الگ ہونے کے بعد کارٹوسیٹ ۔ 2 سیریز کے سٹیلائٹ خود کار طریقہ سے اپنی مدار یں پہنچ گئے اور بنگلور میں واقع اسرو کے ٹیلی میٹری، ٹریکنگ اینڈ کمانڈ نیٹ ورک (آئی ایس ٹی آر اے سی) نے اس سٹیلائیٹ پر اپنا کنٹرول لے لیا۔

کارٹوسیٹ۔2 سیریز سٹیلائٹ کے ذریعہ بھیجی گئی تصاویر سے تفصیلی طور پر نقشہ بندی تیار کرنے، شہری اور دیہی اپلی کیشن وضع کرنے کے ساتھ ارضیاتی اطلاعات نظام (ایل آئی ایس) اور جغرافیائی اطلاعاتی نظام (جی آئی ایس) جیسے کاموں میں بھی ان کا مفید استعمال ممکن ہوسکے گا۔ علاوہ ازیں روڈ نیٹ ورک کی نگرانی ، پانی کی تقسیم ، ساحلی زمین کے استعمال جیسے امور میں بھی مدد ملے گی۔