تلنگانہ

ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے کراٹے سسٹرس ۔ چیمپئن بہنیں سیدہ فریدہ سلطانہ اور سیدہ رودینا سلطانہ کی انٹر نیشنل مقابلوں شاندار کامیابیاں 

حیدرآباد ۔ پریس نوٹ ۔ 17 جون ۔حیدر آباد کی 16 سالہ کراٹے چیمپئن سیدہ فریدہ سلطانہ سے ملئے۔ اس لڑکی نے حال ہی میں لاس ویگاس میں منعقدہ یو ایس اے اوپن کراٹے اور جونیئر انٹرنیشنل کپ چیمپیئن 2023 میں 16-17 خواتین کے زمرے میں چاندی کا تمغہ جیتا ہے اس ٹورنامنٹ میں 55 ممالک کے کھلاڑیوں نے حصہ لیا تھا۔وہ MS ڈگری کالج کی طالبہ ہے ۔ سیدہ فریدہ ہندوستانی کراٹے کی ایک ابھرتی ہوئی اسٹار ہیں، جس نے مارشل آرٹس کے مختلف شعبوں میں اپنے ملک کے لیے کئی اعزازات حاصل کیے ہیں ۔ فریدہ نے ورلڈ تھائی باکسنگ چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل۔ بین الاقوامی کراٹے مقابلوں میں 8 گولڈ میڈل اور کراٹے اور مارشل آرٹس میں 31 قومی، ریاستی اور ضلعی سطح کے مقابلے جیتے۔

 

 

سیدہ فریدہ سلطانہ کی چھوٹی بہن دس سالہ سیدہ رودینا سلطانہ بھی کراٹے چیمپئن ہیں۔ وہ MS Creative School میں چوتھی جماعت کی طالبہ ہے۔ رودینا نے حال ہی میں 30 کلوگرام کیٹیگری میں 11ویں ساؤتھ ایشیا ہاکواکائی کراٹے چیمپئن شپ جیتی۔ رودینا نے 23 جنوری 2022 کو حیدرآباد میں منعقدہ اس ٹورنامنٹ میں نیپال، سری لنکا اور بنگلہ دیش سے اپنے مخالفین کو شکست دی۔ وہ اب تک وہ دو بین الاقوامی سطح کے کراٹے مقابلے جیت چکی ہیں۔فریدہ اور رودینا کا تعلق مارشل آرٹس سے طویل عرصہ جڑے خاندان سے ہے ۔

 

 

دونوں اپنے والد سید افتخار حسین کے نقش قدم پر گامزن ہیں، جو نہ صرف کراٹے کوچ اور بین الاقوامی ریفری ہیں بلکہ حیدرآباد میں قائم پاکو مارشل آرٹس اکیڈمی کے بانی، صدر اور ٹیکنیکل ڈائریکٹر بھی ہیں۔ جہاں فریدہ اور رودینا اپنے بہن بھائیوں اور دیگر طلباء کے ساتھ ٹریننگ کرتی ہیں۔ افتخار نے اپنے بچوں سمیت کئی قومی اور بین الاقوامی چیمپئنز اور میڈلسٹوں کو تربیت دی ہے۔ وہ تھائی باکسنگ انڈین فیڈریشن کے جوائنٹ سکریٹری اور تلنگانہ کے صدر، واکو تلنگانہ کک باکسنگ کے صدر بھی ہیں۔

 

 

فریدہ اور رودینا دونوں نہ صرف ایک باصلاحیت کھلاڑی ہیں بلکہ اچھےطالب علم بھی ہیں۔ وہ اپنے تعلیمی ادارے MS میں تعلیمی اور غیر نصابی سرگرمیوں دونوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔ فریدہ کے سامنے ایک روشن مستقبل ہے۔ فریدہ کی خواہش ہے کہ وہ کھیلوں میں بڑا نام بننے کے ساتھ چارٹرڈ اکاؤنٹنسی میں پیشہ ورانہ کیریئر بنانا چاہتی ہے۔ جبکہ رودینا ڈاکٹر بننا چاہتی ہے دونوں کا خواب ہے کہ اولمپک کھیلوں میں حصہ لیکر ملک کے لئے گولڈ میڈل حاصل کریں ۔کہانی یہیں ختم نہیں ہوتی! سید افتخار حسین کے دو اور بچے سید غوث محی الدین اور سید علینہ فاطمہ بھی مارشل آرٹس کی خاندانی روایت پر عمل کرنا چاہتے ہیں۔ غوث اور علینہ دونوں ایم ایس کری ایٹو اسکول کی طالبات ہیں۔ مارشل آرٹس چیمپئنز کا یہ خاندان بین الاقوامی مقابلوں میں ہندوستان کا سر فخر سے بلند کرنے کے لیے تیار ہو رہا ہے۔

ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے سینئر ڈائرکٹر ڈاکٹر معظم حسین نے سیدہ فریدہ سلطانہ اور سیدہ رودینا سلطانہ کو ان کے کارنامو ں پر دونوں طالبات اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے خاص طور پر ان کے والد افتخار حسین کو جو ٹرینر اور کوچ ہیں اپنے بچوں کیلئے کی جانی والی کوششوں کے لئے سراہا ۔ انہوں نے سیدہ فریدہ سلطانہ اور رودینا کے عزائم کی تعریف کی کہ دونوں اپنے ملک کے لیئے اولپمکس میں انڈیا کو ری پریزنٹ کرنا چاہتی ہیں اور اولمپک گولڈ مڈل لانا چاہتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کے والد افتخار حسین خود ٹریننگ دے کر کمیونیٹی میں مثال پیش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی میں صرف پڑھائی نہیں بلکہ اسپورٹس کو اپنانے کے لئے بھی ہمت افزائی کی جاتی ہے۔ اس کا نیتجہ آج ہمارے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ فریدہ اور رودینا نے اسپورٹس میں کامیابی حاصل کرکے ایک مثال قائم کی ہے ۔ انہوں نے دونوں بہنوں سے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے خاندان، ملک و قوم کا نام روشن کریں ۔

متعلقہ خبریں

Back to top button