باران رحمت میں ادا کی گئی الوداع جمعہ کی نماز

جمعۃ الوداع کے موقع پر حیدرآباد کی تاریخی مکہ مسجد میں آج باران رحمت کے دوران لاکھوں مسلمانوں نے خشوع و خضوع کے ساتھ نماز جمعہ ادا کی۔ کمشنر پولیس مہنیدر ریڈی نے سیکوریٹی انتظامات کی راست نگرانی کی۔ سٹی پولیس کے علاوہ ریاپڈ ایکشن فورس کے دستوں کو سیکوریٹی انتظامات کے لئے تیعنات کیا گیا۔ مکہ مسجد اور چارمینار کی طرف جانے والی سڑکوں کو ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا تھااور ٹریفک کا رخ دوسری جانب موڑدیا گیا۔ چارمینار کی سمت سے آنے والی بسوں کو افضل گنج بس اسٹانڈ پر ہی روک دیاگیا تھا اور مدینہ کی طرف سے گذرنے والی اضلاع کی بسوں کا رخ بھی موڑدیا گیا۔ شاہ علی بنڈہ سے چارمینار ‘ پتھرگٹی ‘ مچھلی کمان ‘ گلزار حوض ‘ مدینہ ‘ مارکٹ تک مصلیان کے لئے فرش بچھایا گیا تھااور وضو کے لئے پانی کا انتظام کیا گیا۔