کہر سے تلنگانہ کے نظام آباد ضلع میں کار کو حادثہ _ دو نوجوان ہلاک

نظام آباد _ کہر کی وجہ سے تلنگانہ کے ضلع نظام آبادمیں پیش آئے سڑک حادثہ میں دونوجوان ہلاک ہوگئے۔یہ حادثہ ضلع کے ویلپورمنڈل میں اُس وقت پیش آیا جب کار چلانے والے ایک نوجوان نے اس کا توازن کھودیا جس کے نتیجہ میں یہ کار الٹ گئی۔صبح کے وقت کہر کی گھنی چادر کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔کار میں تین نوجوان منوج، شراون اور بھرت بھیمگل سے ویلپورکی سمت جارہے تھے۔حادثہ اتنا شدید تھا کہ منوج اور شراون موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ بھرت شدید زخمی ہوگیا۔اس کو علاج کے لئے آرمور کے اسپتال منتقل کیاگیا۔پولیس نے بتایا کہ سامنے والی گاڑی کو کار کی ٹکر سے بچنے کے لئے اچانک بریک لگانے پر یہ حادثہ پیش آیا۔اس علاقہ میں کہر کی وجہ سے ڈرائیور کو سامنے کا راستہ نظر نہیں آیا جس کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا اور یہ کار الٹ گئی