حیدرآباد کے پرانا شہرمیں قتل کی ایک اورواردات

حیدرآباد: حیدرآباد کے پرانا شہرمیں کل رات قتل کی واردات پیش آئی۔ ذرائع کے مطابق 24 سالہ عباس نامی نوجوان جوکہ مدینہ مسجد گلزارنگر، تیگل کنٹہ، فلک نما کے رہنے والے اورپیشہ سے الکٹریشن بتائے گئے ہیں، ان پرکل رات دیرگئے دونامعلوم افراد نے خنجروں سے حملہ کردیا۔ اس حملہ میں ان کی موت ہوگئی۔ قتل کی وجہہ کا فوری پتہ نہیں چل سکا۔ پولیس نے نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے عثمانیہ ہاسپٹل کے مردہ خانہ منتقل کردیا۔ پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں نے رات دیرگئے مقام واقعہ کا معائنہ کیا۔ واضح رہے کہ گذشتہ کچھ دنوں سے شہرمیں مسلسل قتل کی وارداتوں کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہہ سے مقامی افراد میں تشویش کی لہرپائی جاتی ہے۔