انٹر نیشنل

ریاض۔ سعودی لہجہ میں بات کرنے والی پہلی لیڈی روبوٹ کی رونمائی۔ سعودی ماہرین کا کارنامہ 

ریاض ۔ کے این واصف 

 مصنوعی ذہانت کے ماہر سعودی باشندوں نے ریاض میں ٹیک کانفرنس لیپ 2023 میں پہلی سعودی لیڈی روبوٹ کی رونمائی کی ہے۔ یہ لیڈی روبوٹ مہمانوں سے سعودی لہجے میں بات کر سکتی ہے۔العربیہ چینل کے مطابق روبوٹ خاتون کا نام “سارہ” ہے جسے سعودی ماہرین نے تیار کیا ہے۔

سعودی روبوٹ خاتون کو Qss کمپنی کے تعاون سے تیار کیا گیا اور وہ بات چیت کے علاوہ روایتی رقص بھی پیش کر سکتی ہے۔سعودی روبوٹ یہ کہہ کر اپنا تعارف کراتی ہے کہ ’میرا نام سارہ ہے اور میں پہلی سعودی روبوٹ ہوں جسے سعودی ماہرین کے ہاتھوں تیار کیا گیا ہے۔‘روبوٹ سارہ مصنوعی ذہانت اور جدید کیمروں سے لیس ہے جن کی مدد سے وہ سامنے والے کی شناخت کر سکتی ہے اور مختلف موضوعات پر گفتگو بھی کرسکتی ہے۔

روبوٹ سعودی عرب کے مختلف علاقوں کے لہجوں سے بھی واقف ہے اور ان میں بات کرنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہے۔واضح رہے کہ ریاض میں لیپ 23 نمائش جاری ہے جو وزارت اتصالات اور سعودی سائبر سکیورٹی کے تعاون سے منعقد کی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button