تلنگانہ

تلنگانہ کے کئی اضلاع شدید سردی کی لپیٹ میں _ آیندہ تین دن تک مزید اضافہ کا امکان

حیدرآباد _ 20 دسمبر ( اردولیکس) تلنگانہ ریاست ان دنوں شدید سردی کی لپیٹ میں ہے جس سے عوام کو مشکلات کاسامنا ہے۔ آیندہ تین دن تک سردی کی شدت میں اضافہ کا امکان ہے ضلع عادل آباد کے نیراڈیگونڈہ میں درجہ حرارت 12.3 ڈگری، نرمل ضلع کے پیمبی میں 13.1 ڈگری، سدی پیٹ ضلع کے کونڈاپاکا میں 13.5 ڈگری، جگتیال ضلع کے ملاپور میں 13.6 ڈگری، عادل آباد ضلع کے جنارم میں 13.9 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔

عوام کی بڑی تعدادصبح کے اوقات میں گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کررہی ہے۔ساتھ ہی پارکس میں چہل قدمی کے لئے آنے والوں کی تعداد بھی گھٹ گئی۔ریاست کے کئی علاقوں میں معمول سے 4ڈگری کم درجہ حرارت درج کیاگیا ہے۔درجہ حرارت میں گراوٹ کے نتیجہ میں کئی علاقوں میں صبح کی اولین ساعتوں سے ہی کہر کی گھنی چادردیکھی جارہی ہے۔ملک کے شمالی حصوں سے آرہی سرد ہواوں کے نتیجہ میں تلنگانہ میں اقل ترین درجہ حرارت میں گراوٹ درج کی گئی ہے۔ کہر کے سبب صبح کے اوقات میں گاڑی سواروں کومشکل صورتحال کا سامنا ہے

 

جو اپنی گاڑیوں کی لائٹس کھول کر گاڑیوں کو چلانے کیلئے مجبور ہیں۔سردی کے موسم میں عموما کہر کی گھنی چادر کے نتیجہ میں سڑکوں پر راستہ صاف دکھائی نہیں دیتااورحادثات کی تعداد بھی بڑھ جاتی ہے۔ضلع عادل آباد میں سردی کے ساتھ ساتھ کہر بھی زیادہ دیکھی جارہی ہے۔عموما قومی شاہراہوں پر کہر کے پیش نظر احتیاط کا مشورہ دیاگیا ہے۔

 

ضلع کے ایجنسی علاقوں اور جنگلات سے متصل آبادیوں میں شدید سردی محسوس ہورہی ہے۔کئی علاقوں میں صبح 9بجے تک بھی سورج نظرنہیں آرہا ہے۔ سردی سے بچے اور معمرین شدید متاثرہیں۔ صبح کی اولین ساعتوں سے ہی سرد ہوائیں چل رہی ہیں

متعلقہ خبریں

Back to top button