ایجوکیشن

پروفیسر سید فضل اللہ مکرم ، صدر شعبہ اردو ، یونیورسٹی آف حیدرآباد مقرر

حیدرآباد ۔ سینٹرل یونیورسٹی آف حیدرآباد کے وائس چانسلر پروفیسر بی جے راو نے پروفیسر سید فضل اللہ مکرم کو تین سال کے لئے دوسری بار صدر شعبہ اردو کی حیثیت سے تقرر کیا ہے ۔ اس سے قبل وہ جنوری 2020 سے جنوری 2023 بحیثیت صدر شعبہ اردو خدمات انجام دے چکے ہیں ۔ انہوں نے کووڈ کے مشکل دور میں شعبہ اردو کو سنبھالا اور اس کی ترقی و ترویج میں کوئی کسر نہیں چھوڑی تھی ۔

 

پروفیسر سید فضل اللہ مکرم کا تعلق ایک علمی و ادبی اور تہذیبی گھرانے سے ہے ۔ ان کے دادا جناب سید محبوب ایک بہترین استاد تھے جب کہ ان کے نانا جناب محمد حنیف(کورٹلہ) سرکاری مدرسہ میں ڈرائنگ ماسٹر تھے ۔ ان کے والد جناب سید سمیع اللہ صاحب پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج ، جگتیال کی نامور شخصیت تھیں جب کہ ان کے خسر جناب محمد خلیل الرحمان اسسٹنٹ ڈائرکٹر محکمہ اوزان و پیمانہ جات (ملک پیٹ قدیم) ہیں ۔

 

پروفیسر سید فضل اللہ مکرم کے تحقیقی و تنقیدی مضامین ملک اور بیرون ملک کے موقر جرائد میں شائع ہوچکے ہیں ۔اب تک آٹھ کتابیں شائع ہوچکی ہیں ۔ اسکول ، جونئر کالج اور ڈگری کالج کے اردو مضمون کی پندرہ نصابی کتابوں کے وہ چیف ایڈیٹر بھی رہ چکے ہیں ۔ ملک کی مختلف جامعات اور خود مختار کالجس کے بورڈ آف اسٹڈیز کے ممبر بھی ہیں ۔ ادبی پورٹل "جہان اردو ڈاٹ کوم ” کے موسس و مدیر بھی ہیں ۔

 

پروفیسر سید فضل اللہ مکرم کو صدر شعبہ اردو مقرر ہونے پر اساتذہ، ریسرچ اسکالرز اور طلبا و طالبات نے مسرت کا اظہار کرتے ہوے گلپوشی کی ہے ۔

متعلقہ خبریں

Back to top button