جنرل نیوز

لیلۃ القدر کانفرنس کے ضمن میں مرکزی رحمت عالم کمیٹی کے اجلاس سے مولانا ڈاکٹر سید عبدالمعزحسینی قادری شرفی ، مولانا اقبال احمد رضوی القادری کے خطابات 

قرآن مجید کا نزول قیامت تک ساری انسانیت کیلئے ہدایت و کامرانی

حیدرآباد۔یکم/اپریل2023ء (راست)قرآن مجید کا نزول قیامت تک ساری انسانیت کی ہدایت کیلئے کیا گیا ہے جو کوئی احکامات خداوندی اور سنت رسول ﷺکے مطابق اپنی زندگیوں کو گزارے گا یقیناً وہ دنیا و آخرت میں کامیاب ہوگا ۔صرف لاَ اِلہٰ الا اللہ کہہ لینے سے ایمان مکمل نہیں ہوتا بلکہ ساتھ ہی ساتھ محمد رسول اللہ کا اقرار و اظہار بھی ضروری ہے یہی نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ اور رسول اللہ ﷺ پر کامل ایمان و یقین کے علاوہ فرائض و سنتوں کی ادائیگی اور اپنے گھروں میں اسلامی تہذیب کا رائج کرنا بھی ضروری ہے ۔

 

ان خیالات کا اظہار قادریہ اسلامک سنٹر دبیر پورہ میں کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کے زیر اہتمام بر صغیر ہند کی عظیم الشان فقید المثال ایکیسویں لیلۃ القدر کانفرنس منعقدہ 18 /اپریل2023ء بروز منگل، بعد نماز تراویح ، چنچل گوڑہ جونیر کالج گراونڈ ، حیدرآباد کے ضمن میں اجلاس سے حضرت علامہ ڈاکٹر سید عبدالمعز حسینی رضوی قادری شرفی نے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہر مسلمان قرآن مجید کی تعلیمات اور اسوئہ رسول ؐ کو اپناتے ہوئے عملی ثبوت دیں کیونکہ اسی میں فلاح و کامرانی ہے بلکہ ہمارا فریضہ ہے کہ اسے دیگر ابنائے وطن کے سامنے صبر و استقامت کے ساتھ پیش کریں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج قوم مسلم قرآن کے آفاقی پیغام کو فراموش کرچکی ہے جسکی بناء پر سارے عالم میں مسلمان ہر طرف پریشان و رسوا ہورہے ہیں ۔ بقول علامہ اقبال کے ’’ وہ زمانے میں معزز تھے مسلماں ہوکر :: اور تم خوار ہوئے تارک قرآں ہوکر ٗ ٗ۔ دیکھا جارہا ہے دوسری قومیں قرآن پاک کی مسلسل تحقیق میں لگی ہوئی ہیں اور وہیں مسلمان قرآن سے دور ہوتے جارہے ہیں ۔

 

آج ضرورت اس بات کی ہے کہ مسلمان اتباع رسول ﷺ میں اپنی زندگی گزارنے والے بن جائیں ۔ قرآن مجید نے انسانوں کو زندگی کا نظام ، ایمان و احسان ، پاکیزگی ، حلال و حرام کافرق، چھوٹے اور بڑوں کے آداب ، والدین ،میاں بیوی ، رشتے داروں کے حقوق غرض ایسی کون سی چیز قرآن مجید میں موجود نہیں جو بنی نوع انسانی کی ہدایت کیلئے نازل نہ کی گئی ہو اور آج مسلمان قرآن مجید کی تعلیمات کو فراموش کرکے قہر خداوندی کا حقدار ہوتا نظر آرہا ہے انہوں نے مزید کہا کہ میں رحمت عالم کمیٹی کے تمام کارکنان سے گذارش کرتا ہوں کہ وہ اپنی ذمہ داری کو سمجھتے ہوئے قرآن کے اس آفاقی پیغام کو پہونچانے کیلئے لیلۃ القدر کانفرنس کی کامیابی میں کوئی کثر نہ چھوڑیں۔ الحمد للہ لیلۃ القدر کانفرنس کا عظیم الشان پیمانے پر انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے جو وقت کی اہم ضرورت ہے ۔

 

حضرت مولانا ڈاکٹر اقبال احمد رضوی القادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ ماہِ رمضان اُمت محمدیہ ﷺ کیلئے جہاں رحمت ، مغفرت اور نجات کا حامل ہے وہیں اس ماہ میں قرآن پاک کا نزول ساری انسانیت کیلئے ایک عظیم انعام ہے قرآن مجید بنی نوع انسانی کو جہالت کے اندھیروں سے نکال کر روشنی کی طرف لیکر آیا ہے لیکن افسوس آج مسلمانوں نے اس کو فراموش کردیا ،قرآن کی عظمت و اہمیت کرنا ہر مسلمان کا جہاں ایمانی فریضہ ہے وہیں اس کے پیغام کو عام کرنا بھی ہر مسلمان کا فرض ہے آج وقت ہے کہ عالم اسلام کے مسلمان قرآن کے پیغام کو سمجھیں اور اپنی نسلوں کو قرآن پاک کی تعلیم سے بہرہ ور کریں تاکہ یہود و نصاریٰ اپنے مشن میں کبھی کامیاب نہ ہوسکیں ۔

 

جسکا ذکر قرآن مجید میں موجود ہے کہ ’’ یہود و نصاریٰ تم سے اس وقت تک راضی نہ ہونگے جب تک کہ تم اُنکے طرز عمل پر نہ آجاؤ ٗ ٗ ۔اپنی نسلوں کو مغربی تہذیب کے اثرات سے بچاکر ان کو دین کا سچا داعی بنانا ہر مسلمان والدین کا اہم فریضہ ہے ،محمد شاہد اقبال قادری ( صدر رحمت عالم کمیٹی ) نے کہا کہ کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی مسلسل 28سال سے قرآن کے آفاقی پیغام کو اُمت محمدیہ تک پہونچانے کی خدمت میں لگی ہوئی ہے الحمد للہ کمیٹی قرآن پاک کے پیغام ’’ تم وہ قوم ہو جو نیکی کی دعوت دینے والی اور برائیوں سے روکنے والی ہو ٗ ٗ پر مکمل عمل پیرا ہے الحمد للہ کمیٹی کی انقلابی تحریکیں کل ہند سطح پر جاری ہیں

 

جن میں قابل ذکر ’’ تحریک ِ صلوٰۃ ‘ ‘ اور تحریک ’’ تحریک ِ حجاب ‘‘ شامل ہیں۔رحمت عالم کمیٹی اپنی سابقہ کانفرسیس اور جلسوں میں فرزندان توحید کے اژدھام کو یکھتے ہوئے انشاء اللہ لیلۃ القدر کانفرنس منعقدہ 18/اپریل2023ء بروزمنگل بعد نمازِ تراویح چنچل گوڑہ جونیر کالج گراؤنڈ پر سامعین کیلئے زیادہ سے زیادہ نشستوں اور بہتر انتظامات کر رہی ہے اس کانفرنس میں نیپال ، پنجاب ، کچھوچھہ شریف ، بریلی شریف ، ممئی، اتر پردیش کے اکابر و جید علماء کرام کی خصوصی آمد متوقع ہے عنقریب ناموں کا اعلان کیا جائیگا۔

 

اجلاس میں مولانا سید شاہ محمد ملتانی قادری ، ڈاکٹر محمد عبدالنعیم قادری نظامی ( نائب صدر ) ، ڈاکٹر عظمت رسول ، سید اعزاز محمد ، عادل اشرفی ، سید لئیق قادری ، سید طاہر حسین قادری ، محمد عبدالکریم رضوی ، محمد عبدالمنان عارف قادری ، محمد حنیف قادری ، محمد عبیداللہ سعدی قادری شرفی واراکین کی کثیر تعدادا نے شرکت کی آخر میں دعا ، صلوٰۃ و سلام پر اجلاس کا اختتام عمل میں آیا ۔

متعلقہ خبریں

Back to top button