وسیم رضوی کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔بیرسٹر اویسی کی مجلسی ارکان اسمبلی کے ساتھ کمشنر پولیس حیدرآباد سے شکایت

حیدر آباد:بیرسٹراسد الدین اویسی رکن پارلیمنٹ حیدرآباد وصدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کی قیادت میں ایک وفد نے کمشنر سٹی پولیس حیدرآباد انجنی کمار سے ملاقات کرتے ہوئے توہین رسالت کے مرتکب یوپی شیعہ وقف بورڈ کے سابق صدرنشین وسیم رضوی کے خلاف شکایت کی۔ انکے ہمراہ قاید مجلس مقننہ جناب اکبر الدین اویسی کے علاوہ تمام مجلسی ارکان اسمبلی بھی موجود تھے۔ بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بیرسٹراسد الدین اویسی نے کہاکہ کمشنر پولیس سے نمائندگی کی گئی کہ وسیم رضوی کے خلاف کارروائی کی جائے۔اس نے ایک کتاب لکھی ہے جس میں اس نے حضوراکرمؐ کے بارے میں جھوٹ کا سہارالیا اور نازیبا الفاظ کا استعمال کیا۔یہ کتاب بکواس اورگندگی سے بھری ہوئی ہے۔انہوں نے کہاکہ نمائندگی کے موقع پر اس کتاب کے چند اقتباسات بھی کمشنر پولیس کو پیش کئے گئے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعات 153A,B 295A,504,505اوردیگر کے تحت معاملہ درج کیاجائے۔صدرمجلس نے کہاکہ کمشنر پولیس نے یقین دہانی کروائی کہ اس کے خلاف فوجداری معاملہ درج کیاجائے گا۔یہ شخص مسلم دشمن طاقتوں کا آلہ کار بن کر اس طرح کی حرکت کررہا ہے۔