جرائم و حادثات

تحصیلدار نے لات ماردی، بھکاری ٹپر کی زد میں آکر ہلاک۔ آرمور میں افسوسناک واقعہ کا سی ٹی وی فوٹیج وائرل

آرمور :23/ فروری ( محمد سیف علی کی رپورٹ ) نائب تحصیلدار سے بھیک مانگنے پر اس نے بھکاری کو لات مار دی۔ اسی وقت ایک ٹپر نے بھکاری کو ٹکر مار دی۔ جس کے باعث بھکاری موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ تاہم یہ معاملہ دیر سے سامنے آیا۔ یہ واقعہ آرمور بلدیہ کے مامڑ پلی چوراہے سگنل پر پیش آیا۔

 

تفصیلات کے مطابق نظام ساگر کنال کے علاقہ میں رہنے والا شیورام نامی بھکاری مامڑ پلی چوراستہ سگنل پر گاڑیوں کی کھڑکیوں کے شیشے صاف کر کے بھیک مانگ کر گزارہ کر رہا تھا۔ آرمور ریونیو ڈویژن کے حدود میں واقع مینڈورہ منڈل کے نائب تحصیلدار کے طور پر کام کر رہے راج شیکھر اپنا کام ختم کر کے آرمور واپس ہورہے تھے کہ اسی دوران مامڑ پلی چوراہے پر سگنل گرنے پر ڈی ٹی راج شیکھر کی گاڑی بھی رُک گئی بھکاری شیورام گاڑی کے شیشے صاف کر کے پیسے مانگ رہا تھا۔

 

راج شیکھر کہا کہ اس کے پاس پیسے نہیں ہیں، ٹریفک سگنل گرین ہونے پر راج شیکھر نے گاڑی کو آگے بڑھایا۔ تاہم بھکاری شیورام پیسے مانگتے ہوئے گاڑی کے ساتھ ساتھ دوڑا، غصہ کے عالم میں ڈی ٹی راج شیکھر نے کار سے باہر نکل کر شیورام کو پاؤں سے لات ماری۔ اس کے ساتھ ہی شیورام نیچے گر گیا ٹھیک اسی وقت ایک ٹپر آرہی تھی شیورام اس ٹپر کی زد میں آگیا اور وہ پچھلے ٹائروں کے نیچے آکر موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ اطلاع ملتے ہی آرمور پولیس نے موقع پر پہنچ کر سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کی اور واقعہ کے بارے میں پوچھ گچھ کی اور نائب تحصیلدار راج شیکھر کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔

 

راج شیکھر بھیمگل ڈویژن کے ٹی این جی او میں کلیدی ذمہ داریوں پر فائز ہیں اور مینڈورہ منڈل کے ڈی ٹی کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ایک سرکاری عہدیدار کی جانب سے بھکاری کو لات مارنے پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button