فلم ٹارزن کے ہیرو کی گاڑی کو حادثہ۔ کار میں بیوی اور بیٹی بھی تھے سوار

حیدرآباد: اپنے وقت کی بالی ووڈ کی مشہورفلم ٹارزن کے ہیروہیمنت برجے اوران کی بیوی سڑک حادثہ میں زخمی ہوگئے۔ تاخیرسے ملی اطلاعات کے مطابق یہ حادثہ 11 جنوری کی رات ممبئی پونے ہائی وے پر رات 8 بجے اس وقت پیش آیا جب 56 سالہ اداکاراپنی بیوی امانا اور بیٹی ریشما کے ساتھ بذریعہ کار ممبئی سے پونے اپنے رشتے داروں کے پاس جارہے تھے کہ ان کی کاربے قابوہوکرروڈ ڈیوائیڈرسے ٹکرا گئی۔ اس حادثہ میں ہیمنت برجے اوران کی بیوی معمولی طورپرزخمی ہوگئے۔ انھیں علاج کیلئے ہاسپٹل منتقل کردیا گیا۔ حادثہ کے وقت ان کی بیٹی بھی کارمیں سوار تھی جو محفوظ بتائی گئی ہے۔ واضح رہے کہ اداکار ہیمنت برجے نے 1985 میں فلم ایڈونچرز آف ٹارزن سے ڈیبیو کیا تھا جس کے بعد وہ کئی فلموں میں نظر آئے جن میں ’’آج کے انگارے‘‘ ’’ویرانہ‘‘،’’کمانڈو‘‘ ’’قبرستان‘‘ ’’مار دھاڑ‘‘ ’’جنگلی ٹارزن‘‘ وغیرہ شامل ہیں۔ اداکار ہیمنت برجے ہندی کے علاوہ ملیالم اور تلگو فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھاچکے ہیں لیکن وہ پچھلے کئی سال سے فلموں سے دورہیں۔