تلنگانہ

تلنگانہ کے سرکاری ہاسٹلوں میں پڑھنے والے طلبہ کے ڈائیٹ چارجز میں اضافہ _ چیف منسٹر چندرشیکھرراو کا اعلان

حیدرآباد _ 22 جولائی ( اردولیکس) تلنگانہ کے چیف منسٹر  چندر شیکھر راؤ نے ریاست میں تمام قسم کے گروکل اسکول سمیت مختلف محکموں سے وابستہ ہاسٹلوں میں زیر تعلیم غریب طلباء کی فلاح و بہبود کے لیے ایک فراخدلانہ فیصلہ لیا۔ چیف منسٹر نے ہاسٹلوں میں معیاری کھانا اور بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے گروکل اسکول کے طلبہ کے ڈائٹ چارجز میں اضافہ کرتے ہوئے فائل پر دستخط کیے۔ ڈائیٹ چارجز کے بڑھے ہوئے چارجز  جولائی سے لاگو ہوں گے۔

 

  بڑھے ہوئے ڈائیٹ  چارجز کی تفصیلات

تیسری سے ساتویں جماعت تک پڑھنے والے طلباء کے ڈائیٹ چارجز 950 روپے ماہانہ سے بڑھ کر 1200 روپے ہو گئے۔

 

آٹھویں سے دسویں جماعت تک پڑھنے والے طلباء کے لیے موجودہ ماہانہ ڈائیٹ چارجز 1100 روپے سے بڑھا کر 1400 روپے کر دیے گئے ہیں۔

 

حکومت نے گیارہویں جماعت سے لے کر پی جی تک پڑھنے والے طلباء کے لیے ڈائیٹ چارجز کو موجودہ 1500 روپے ماہانہ سے بڑھا کر 1875 روپے کر دیا ہے۔

 

چیف منسٹر نے کہا کہ قبائلی بہبود، ایس سی ویلفیئر، بی سی ویلفیئر گروکل اسکول اور ریاستی محکمہ تعلیم کے زیر انتظام دیگر گروکل اسکول میں زیر تعلیم تقریباً 7.50 لاکھ طلباء کو ڈائیٹ چارجز میں اضافہ سے فائدہ ہوگا۔ حکومت نے موجودہ چارجز کے علاوہ ڈائیٹ چارجز میں 26 فیصد اضافہ کر دیا۔ ڈائٹ چارجز میں اضافے سے ریاستی خزانے پر ہر سال 237.24 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button