افطاری دینے کے بہانے ضعیف جوڑے کو برقعہ پوش خواتین نے لوٹ لیا۔ حیدرآباد میں واردات سے سنسنی

حیدرآباد: اپنی نوعیت کے منفرد واقعہ میں افطارسے عین قبل افطاری دینے کےبہانے حیدرآباد میں دو برقعہ پوش خواتین نے ایک مکان میں داخل ہوکرضعیف جوڑے کو لوٹ لیا۔ یہ سنسنی خیزواردات چادرگھاٹ پولیس اسٹیشن حدود میں آج پیش آیا۔ پولیس عہدیداروں کے مطابق 80 سالہ سید ریاست علی اوران کی اہلیہ رہتے ہیں۔ آج افطارسے کچھ دیرپہلے دو خواتین جو برقعہ پہنی ہوئی تھیں، ایک کشتی میں میوہ لئے افطاری دینے کے بہانے دروازہ کھٹکھٹا کر انکے مکان میں داخل ہوئیں۔ انھوں نے ضعیف جوڑے کو باندھ دیا اورچاقو سے دھمکا کران کے مکان سے 8 لاکھ روپئے کے علاوہ سونے کے زیورات لوٹ کرفرارہوگئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کے اعلیٰ عہدیدارمقام واقعہ پرپہنچ گئے اورچھان بین شروع کردی گئی۔ شبہ کیا جاتا ہے کہ یہ کام ان کا ہوسکتا ہے جو اس بات سے پوری طرح واقف تھے کہ فلیٹ میں ضعیف جوڑا تنہا رہتا ہے۔