تلنگانہ

سب انسپکٹر کی مارپیٹ سے ایک شخص کی موت کا الزام،نعش کے ساتھ رشتہ داروں کا احتجاج۔ تلنگانہ کے ضلع نلگنڈہ میں واقعہ

حیدرآباد۔‌سب انسپکٹر کی مارپیٹ کے نتیجہ میں ایک شخص کے فوت ہو جانے کا الزام عائد کرتے ہوئے متوفی کے ارکان خاندان نے پولیس اسٹیشن کے سامنے نعش کے ساتھ احتجاج کیا۔

 

یہ واقعہ ضلع نلگنڈہ میں پیش آیا۔تفصیلات کے مطابق چنتا پلی منڈل کے پولے پلی رام نگر گرام پنچایت کے تحت واقع پالم تانڈہ سے تعلق رکھنے والے 60 سالہ سوریہ نائیک اور اس کے بھائی بھیما نائیک کے درمیان اراضی کا تنازعہ تھا، اس دوران بھیما نائک نے چنتا پلی پولیس اسٹیشن میں اپنے بھائی کے خلاف شکایت کی۔

 

الزام عائد کیا گیا ہے کہ سب انسپکٹر ستیش ریڈی نے سوریہ نائیک کو پولیس اسٹیشن طلب کر کے اسے شدید زدو کوب کیا جس کے نتیجہ میں اس کی طبیعت بگڑ گئی اور ہاسپٹل منتقل کرنے پر وہ جانبر نہ ہو سکا۔ سوریہ کی موت کے بعد اس کے رشتہ داروں نے نعش کے ساتھ پولیس اسٹیشن کے سامنے احتجاج کیا جس سے کشیدگی پھیل گئی۔

 

اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی اعلی عہدیداروں نے فوری طور پر سب انسپکٹر کا تبادلہ کرتے ہوئے اسے ہیڈ کوارٹرس سے اٹیچ کر دیا ہے مزید تحقیقات جاری ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button