رقم دگنی کرنے والی جادوئی برتن خریدنے کے چکر میں حیدرآباد کی خاتون ڈاکٹر، ڈیڑھ کروڑ روپے کی دھوکہ دہی کا شکار
رقم دگنی کرنے والی جادوئی برتن کے جھانسے میں حیدرآباد کی خاتون ڈاکٹر، ڈیڑھ کروڑ روپے کی دھوکہ دہی کا شکار
ٹیکنالوجی اور سائنسی ترقی کے اس دور میں بھی اندھی عقیدت اور لالچ کے جال میں پھنسنے کے واقعات کم ہونے کا نام نہیں لے رہے۔ حیرت انگیز طور پر حیدرآباد کی ایک تعلیم یافتہ اور پیشہ ور ڈاکٹر، پرینکا، اسی طرح کے ایک دھوکہ دہی کا شکار بن گئیں۔
وشاکھا پٹنم سے تعلق رکھنے والے پندورتی سرینواس، ونومو سرینواس اور کورا بنگار راجو نامی تین افراد نے ڈاکٹر پرینکا کو یہ یقین دلایا کہ ان کے پاس “مہیما گلا چمبو” نامی ایسا جادوئی برتن ہے جس میں رقم رکھنے سے وہ خود بخود دوگنی ہو جاتی ہے۔ سائنس کی طالبہ ہونے کے باوجود ڈاکٹر نے ان کی باتوں پر اعتبار کیا اور ڈیڑھ کروڑ روپے ان کے حوالے کر دیے۔
6 ماہ گزرنے کے باوجود جب جادوئی برتن نہ ملنے پر ڈاکٹر پرینکا کو احساس ہوا کہ وہ ایک بڑی دھوکہ دہی کا شکار بن چکی ہیں۔ انہوں نے فوری طور پر پولیس سے رجوع کیا۔ شکایت کی بنیاد پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تینوں ملزمین کو گرفتار کر لیا اور ان کے قبضے سے 2 لاکھ 42 ہزار 400 روپے نقدی اور ایک کار برآمد کرلی۔
یہ واقعہ اس تلخ حقیقت کو اجاگر کرتا ہے کہ جدید سائنسی دور میں بھی تعلیم یافتہ طبقہ اگر عقل و فہم کے بجائے اندھی عقیدت یا لالچ پر یقین کر بیٹھے تو وہ بھی جعلسازوں کے جال میں پھنس سکتا ہے۔



