مضامین

جذبہء حب الوطنی

ذکی طارق بارہ بنکوی

سعادت گنج،بارہ بنکی،یوپی

 

میں مر جاؤں تو میری صرف یہ پہچان لکھ دینا

مرے ماتھے پہ میرے خوں سے ہندستان لکھ دینا

 

وہی کہ عظمتوں پر جن کی جنت بھی نچھاور ہے

وہ ہیں بھارت کے میرے کھیت اور کھلیان لکھ دینا

 

جو تم سے سورگ کا سنچھپت ورڑن کوئی کروائے

تم اک کاغذ اٹھا کر صرف ہندستان لکھ دینا

 

ہمارے ملک کا اتہاس جب بھی تم کبھی لکھنا

مسلمانوں کو دل اور ہندوؤں کو جان لکھ دینا

 

یہاں اک دوسرے کو بانٹتے ہیں پیار آپس میں

یہاں ہوتا ہے ہر اک دھرم کا سمان لکھ دینا

 

مری تہذیب و یکجہتی کے یہ روشن منارے ہیں

گرنتھ و بائیبیل و گیتا اور قرآن لکھ دینا

 

"ذکی” یہ جسم و جاں کیا مال و زر کیا عیش و عشرت کیا

مرا سب کچھ مرے بھارت پہ ہے قربان لکھ دینا

 

ذکی طارق بارہ بنکوی

سعادتگنج،بارہ بنکی(بھارت)

 

( محبتِ وطن )

تمنا،آرزو،حسرت،طلب،ارمان ہے بھارت

ہمارا دل بھی ہے بھارت ہماری جان ہے بھارت

 

کوئی بھی دیش اس کی عظمتوں کو چھو نہیں سکتا

قسم اللّٰہ کی کچھ اس قدر ذیشان ہے بھارت

 

جسے اقبال،غالب،میر سینے سے لگاتے تھے

وہی تہذیب کا گہوارہ ہندستان ہے بھارت

 

بتاتا ہے ہمیں اس کا ترقی کرتا ہر لمحہ

عروج آرا تمامی ملکوں کا سلطان ہے بھارت

 

اسی نے تو تجھے یہ پُرکشش رعنائی بخشی ہے

اے دنیا خوبرو دنیا تری پہچان ہے بھارت

 

تری خاطر میں اپنی زندگی قربان کر دوں گا

تری چاہت محبت تو مرا ایمان ہے بھارت

 

ہماری بھوک بڑھنے سے ذرا پہلے "ذکی طارق”

ابھی تو کھیت تھا بھارت ابھی کھلیان ہے بھارت

 

 

 

 

 

 

متعلقہ خبریں

Back to top button