تلنگانہ

عادل آباد ضلع میں لمپی وائرس بیماری نہ کے برابر ۔ سوشل میڈیا پر وائرل غلط خبروں پر بھروسہ نہ کریں : ضلع ویٹرنری آفیسر بی کشن کا بیان

صحت مند جانوروں کو ذبح کرتے ہوئے فروخت کیا جائے گا ۔ قریشی برادران ۔ بلا خوف گوشت استعمال کرنے کا مشورہ ۔

عادل آباد _ گذشتہ چند ماہ سے مویشیوں میں "لمپی وائرس” کو لیکر ضلع عادل آباد کی عوام میں تشویش کا ماحول پایا جارہا ہے۔مزید یہ کہ سوشل میڈیا پر وائرل غلط افواہوں نے عوام کو مزید خوف زدہ کردیا ہے اور اکثر عوام مویشیوں کا گوشت استعمال کرنے میں کراہیت محسوس کررہے ہیں۔مویشیوں میں لمپی وائرس کو لیکر عوام میں پائی جا رہی تشویش کا جائزہ لینے آج شہر مستقر عادل آباد کے محلہ شانتی نگر مسجد حسن کے قریب واقع مویشیوں کے سلاٹر ہاؤس کا میونسپل وائس چیرمین ظہیر رمضانی کی قیادت میں میونسپل کمشنر شیلجہ اور عادل آباد ضلع ویٹرنری آفیسر بی کشن نے دورہ کرتے ہوئے راست طور پر تفصیلی مویشیوں کا معائنہ کیا۔

 

اس موقع پر صدر تنظیم الائمہ والمؤذنین و امام و خطیب مسجد حسن حافظ محمد منظور احمد بھی موجود تھے۔اس موقع پر متعلقہ عہدیداروں نے جمعیت القریش کے صدر محمد مسعود قریشی اور نائب صدر شیخ احمد قریشی اور شیخ ایوب قریشی سے بات کرتے ہوئے مویشیوں کے سلسلے میں آگاہی حاصل کی اور صاف صفائی کا خاص خیال رکھنے اور مختلف ہدایات دی اور کہاکہ روزانہ ویٹرنری ڈپارٹمنٹ اور میونسپل کی جانب سے آفیسرز کی نگرانی میں صحت مند مویشیوں کا انتخاب کیا جائے گا۔اور منتخب شدہ مویشیوں کا ہی گوشت عوام میں فروخت کرنے کی ہدایت دی

۔بعد ازاں میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ضلع ویٹرنری آفیسر بی کشن اور میونسپل کمشنر شیلجہ اور میونسپل وائس چیئرمین ظہیر رمضانی نے مویشیوں کے گوشت استعمال کرنے کے سلسلے میں تفصیلات بتائی۔انہوں نے اپنے مشترکہ خطاب میں کہا کہ ملک ہندوستان کی مختلف ریاستوں میں مویشیوں میں لمپی وائرس پایا جارہا ہے۔تاہم ریاست تلنگانہ میں مویشیوں میں وائرس کا اثر زیادہ نہیں ہے۔چند ایسے مقامات جو مہاراشٹرا سے متصل ہیں ایسے مقامات پر مویشیوں میں لمپی وائرس پایا گیا۔لیکن عادل آباد ضلع میں لمپی وائرس نہ کے درجہ میں ہے اور باضابطہ مویشیوں کو ویکسین بھی دیا جارہا ہے۔میونسپل اور ویٹرنری عہدیداروں کی نگرانی میں صحت مویشیوں کی نشاندھی کرتے ہوئے انہیں ذبح کیا جائے گا اور عوام صحت مند مویشیوں کا گوشت استعمال کرسکتے ہیں۔انہوں نے صحافیوں کے سوالات کے جواب میں کہا کہ سوشل میڈیا پر مویشیوں میں لمپی وائرس کو لیکر افواہوں کا بازار گرم ہے عوام افواہوں پر کان نہ دھریں۔احتیاطی طور پر مکمل نگرانی رکھی جارہی ہے اور صحت مند مویشیوں کو ذبح کرنے کی عادل آباد کے قریشی برادری کو ہدایت دی گئی ہے۔انہون نے اس بات کا بھی انکشاف کیا ہے کہ عادل آباد ضلع سے متصل مہاراشٹرا کے سرحدی علاقوں میں بڑے پیمانے پر مویشیوں میں ویکسینیشن کا عمل‌ جاری ہے۔اور مویشیوں میں پائی جانے والی لمپی وائرس کا اثر انسانوں یا دوسرے جانوروں میں منتقل نہیں ہوتا

 

۔اس موقع پر قریشی برادری کو ضلع ویٹرنری آفیسر بی کشن،میونسپل کمشنر شیلجہ اور میونسپل وائس چیئرمین ظہیر رمضانی نے تاکید کے ساتھ کہاکہ صحت مند مویشیوں کو ہی ذبح کریں اور صاف صفائی کا خوب اہتمام کریں۔بصورت دیگر سخت کارروائی کا انتباہ دیا۔قریشی برادران نے بھی عوام کو بلا کراہت کے گوشت استعمال کرنے کا مشورہ دیا اور کہاکہ قریشی برادری کی جانب سے صحت مند مویشیوں کا انتخاب کیا جائے گا۔

 

اس موقع پر صدر تنظیم الائمہ والمؤذنین حافظ محمد منظور احمد کے علاوہ محمد مسعود قریشی صدر جمعیت القریش عادل آباد،شیخ احمد قریشی نائب صدر،شیخ ایوب قریشی خازن،شیخ فرید قریشی،شیخ عرفان قریشی،شیخ،غوث قریشی،انو قریشی،عبدالرشید قریشی،عبدالقیوم قریشی،جلو قریشی اور دیگر موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button