ایجوکیشن

مشاعروں کے انعقاد سے طلباء میں اردو سے محبت اور ذوق پروان چڑھتا ہے

گورنمٹ ڈگری کالج ظہیرآباد میں منعقدہ مشاعرے سے پرنسپل کا خطاب

ظہیر آباد۔ 19/نومبر۔ (پریس نوٹ) اردو شعراء زبان و ادب کی خدمت میں مصروف و سرگرداں ہیں ان کی گوناگوں خدمات سے اردو زبان دنیا کے گوشے گوشے میں پھیل رہی ہے ۔ان خیالات کا اظہار ڈاکٹرمحمد اسلم فاروقی پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج ظہیرآبادنے اپنے صدارتی خطاب میں کیا وہ آج کالج ھذا میں منعقدہ ادبی مشاعرہ سے مخاطب تھے انہوں نے اپنا سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوۓ کہا کہ اس طرح کی محفل آراستہ کرنے کا مقصدطلباءو طالبات میں ادبی ذوق کو پروان چڑھانا ہے نیز مشاعروں کے انعقاد سے طلباء لفظوں کےصحیح تلفظ سے آشنا بھی ہوتے ہیں اور جدید شاعری اور نۓ حروف سے بھی انہیں کماحقہ واقفیت حاصل ہوتی ہے۔
گورنمنٹ ڈگری کالج ظہیرآبادکی ادبی سرگرمیاں اظہر من الشمس ہیں طلباء کے ذوق کو پروان چڑھانے کے لۓ کالج سے اردو زبان میں گلدستہ نامی رسالہ جاری کرنے کی بھی تیاریاں چل رہی ہیں۔پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج ڈاکٹرمحمد اسلم فاروقی نے شہر کی ممتازو فعال تنظیم لٹریری فورم ظہیرآباد کی توصیف کرتے ہوۓ کہا کہ اس تنظیم کی خدمات قابل ستائش ہیں بالخصوص تنظیم کے صدر سعداللہ خان سبیل شہر میں اردو ادب کے فروغ میں کافی سرگرم عمل ہیں انکی کاوشیں قابل تقلید ہیں اور آج کا یہ مشاعرہ بھی تنظیم کے تعاون سے ہی منعقد کیا گیا ہے۔گورنمنٹ ڈگری کالج ظہیرآبادشعبہ اردوکے زیر اہتمام منعقدہ اس مشاعرہ میں کرناٹک کے شہربیدرسے کہنہ مشق شاعرامیرالدین امیرؔ نے مرصع کلام پیش کرکے سامعین کا دل موہ لیا۔سداشیوا پیٹھ کے جواں سال شاعر عبدالرافع التمشؔ کے مختصر کلام کو بھی کافی پسند کیا گیا علاوہ ازیں میزبان شعراء سیدمنیر ساخرؔ ,سعداللہ خان سبیلؔ ,ڈاکٹر نویدؔ عبدالجلیل , حافظ نظام الدین عازم , فیضؔ عباسی اور گورنمنٹ ڈگری کالج ظہیرآباد بی ایس سی سال آخرکے طالب علم محمد اربازنے اپنا کلام پیش کرکے داد و تحسین پائی۔ مشاعرہ کا آغاز  محمد مقیت کی قرات کلام پاک سے ہوا ۔صدر لٹریری فورم ظہیرآباد سعداللہ خان سبیل  نے خیر مقدم کیا اور مشاعرہ کی غرض و غایت پر روشنی ڈالی۔کالج طالبہ نازیہ بیگم نے اردو مشاعروں کی تہذہبی اہمیت کے عنوان پر جامع مضمون پیش کیا۔ ایک اور طالبہ صدف فاطمہ نے دعا کی اور علامہ اقبال کی نظم کو ترنم میں پیش کرکے سماں باندھ دیا۔ بی اے سال آخرکی طالبہ معراج بیگم  نے بحسن وخوبی نظامت کے فرائض انجام دۓ۔اس موقع پر کالج کے لکچرس ڈاکٹر محمدغوث,محمدتنویر,محمدمظفر,بدر سلطانہ,ڈاکٹر سریندر ریڈی کے علاوہ طلباء و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔پرنسپل ڈگری کالج نے تمام شعراء کی شالپوشی کے ذریعہ تہنیت پیش کی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button