مانو کے فاصلاتی امتحانات دو سال سے ملتوی _ فی الفور امتحانات منعقد کرنے ایس آئی او مانو کا مطالبہ

مولاناآزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے شعبہ فاصلات کے امتحانات دو سال سے مسلسل ملتوی
فی الفور امتحانات منعقد کرنے کا ایس آئی او مانو کا مطالبہ

حیدرآباد _ اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا مانو یونٹ کے صدر عبدلقوی عادل نے بتایا کہ مولانا آزاد نیشل اردو یونیورسٹی کے شعبہ فاصلات کے امتحانات گزشتہ دو سالوں سے نہیں ہوئے، اس فاصلاتی شعبہ سے ملک و بیرون ملک کے ہزاروں طلبہ جڑے ہوئے ہیں، لیکن انتظامیہ کی لاپرواہی کی وجہ سے ان طلبہ کے امتحانات ابھی تک منعقد نہیں کئے گئے۔ سال 2020 بیچ کے سالِ آخر کے طلبہ کے امتحانات نہ ہونے کی وجہ سے وہ طلبہ اپنی آگے کی تعلیم کو جاری رکھنے سے خاصر ہیں، امتحانات نہ ہونے کی وجہ سے پوسٹ گریجویشن و دیگر اعلیٰ تعلیمی کورسس میں داخلو ں سے محروم رہ گئے ہیں،اسی طرح اس سال بھی نئے تعلیمی سال کے ریگولر کورسس میں داخلوں کا اعلامیہ جاری کردیا گیا لیکن ان طلبہ کے امتحانات ابھی تک منعقد کئے گئے، جس سے ان طلبہ کا یہ سال بھی ضائع ہوجائے گا۔ اس مسئلہ پر ایس آئی او مانو نے ڈپارٹمنٹ کو کئی بار یادداشت پیش کی لیکن پھر بھی انتظامیہ اپنی لاپرواہی جاری رکھے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے ہزاروں طلبہ کا مستقبل داؤ پر ہے۔ ایس آئی او مانو یونٹ نے مطالبہ کیا کہ انتظامیہ فی الفور امتحانات کو منعقد کریں اور ان متحانات کے نتائج کے اعلان تک نئے تعلیمی سال کے داخلوں کو جاری رکھا جائے۔ ایس آئی او مزید یہ مطالبہ کرتی ہیکہ فاصلاتی شعبہ کو فی الفور متحرک کیا جائے اور انتظامی سست روی کو ختم کیا جائے۔