ایجوکیشن

پروفیسر سید عین الحسن، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، حیدرآباد کے نئے وائس چانسلر مقرر

 

حیدرآباد _  ممتاز فارسی اسکالر پروفیسر سید عین الحسن، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، حیدرآباد کے نئے وائس چانسلر مقرر کیے گئے ہیں۔ یونیورسٹی کو وزارت تعلیم سے موصولہ اعلامیہ کے مطابق ، صدر جمہوریہ ہند نے اردو یونیورسٹی کے وزیٹر کی حیثیت سے پروفیسر سید عین الحسن کو پانچ سال کی مدت کے لئے یونیورسٹی کا پانچواں وائس چانسلر مقرر کرتے ہوئے مسرت کا اظہار کیا۔
 پروفیسر عین الحسن، فارسی و مطالعاتِ وسطی ایشیائی علوم کے پروفیسر کی حیثیت سے جواہر لال نہرو یونیورسٹی ، نئی دہلی میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اس سے قبل وہ ڈین، اسکول آف لینگویج، لٹریچر اینڈ کلچر اسٹڈیز، جے این یو کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔
وہ آل انڈیا پرشین اسکالرس اسوسی ایشن کے صدر بھی ہیں۔ ان کا تدریسی تجربہ زائد از 34 سال ہے اور انہوں نے 87 اسکالرس کی رہنمائی کی ہے۔
وہ فل برائٹ فیلوشپ کے تحت رٹجر اسٹیٹ یونیورسٹی ، نیو جرسی ، امریکہ میں وزیٹنگ پروفیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے رہے ہیں۔ انہوں نے 13 کتابیں تحریر کی ہیں۔ وہ ہند -ایران ، ہند- عرب تعلقات اور تقابلی ادب و ثقافت کے شعبے کے ماہر ہیں۔
پروفیسر ایس ایم رحمت اللہ، وائس چانسلر انچارج اور پروفیسر صدیقی محمد محمود، رجسٹرار انچارج نے پروفیسر عین الحسن کو وائس چانسلر کی حیثیت سے تقرر پر مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں مانو تعلیمی عمدگی کی نئی بلندیوں کو چھوئے گی

متعلقہ خبریں

Back to top button