نیشنل

حجاب پہن کر امتحانات لکھنے کی اجازت دینے کی درخواست کرتے ہوئے کرناٹک کی طالبات سپریم کورٹ سے رجوع

نئی دہلی _ 22 فروری ( اردولیکس) کرناٹک کی طالبات کے ایک گروپ نے  سپریم کورٹ سے رجوع ہوتے ہوئے کرناٹک کے سرکاری تعلیمی اداروں کو حجاب پہن کر امتحانات میں شرکت کی اجازت دینے کی ہدایت کی درخواست کی۔

چیف جسٹس آف انڈیا ڈی وائی چندرچوڑ نے کہا کہ وہ اکتوبر میں ایک متعلقہ معاملے میں دو ججوں کے الگ الگ فیصلے کے پیش نظر اس معاملے کو لینے کے لیے تین ججوں کی بنچ کے قیام کے بارے میں جلد ہی فیصلہ لیں گے۔

طالبات کی جانب سے پیروی کرنے والے ایڈوکیٹ شادان فراست نے سی جے آئی کو بتایا کہ امتحانات 9 مارچ سے شروع ہو رہے ہیں اور سرکاری اداروں میں حجاب پر پابندی کی وجہ سے طلباء کو امتحانی مراکز میں جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

 

پابندی کی وجہ سے وہ پہلے ہی پرائیویٹ اداروں میں جا چکے ہیں لیکن امتحانات سرکاری اداروں میں ہونے جا رہے ہیں۔ ان میں سے کچھ پابندی کی وجہ سے ایک سال کی تعلیم کھو چکے ہیں۔ اس وقت ہم جس چیز کی درخواست کر رہے ہیں وہ یہ ہے کہ انہیں امتحانات دینے کی اجازت دی جائے،

سی جے آئی نے کہا کہ وہ اس معاملے کو دیکھیں گے اور درخواست کو لینے کے لیے ایک مناسب بنچ کے قیام پر غور کریں گے۔واضح رہے کہ  گزشتہ سال اکتوبر میں، سپریم کورٹ نے کرناٹک کے تعلیمی اداروں میں حجاب پہننے پر پابندی پر الگ الگ فیصلہ سنایا تھا

متعلقہ خبریں

Back to top button