تلنگانہ

کانگریس کے 69 ، بی آر ایس کے 41 اور مجلس کے 7 امیدواروں کی تائید کرنے جماعت اسلامی ہند کا اعلان

جماعت اسلامی ہند تلنگانہ کی جانب سے جاریہ ماہ کے اواخر میں منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات کے متعلق پچھلے چار ماہ سے غور و فکر کا سلسلہ جاری ہے۔ انتخابات میں تائید کے سلسلے میں صحیح فیصلے تک پہنچنے کے لیے ریاست کے عوام کی رائے معلوم کی گئی۔ جس کے لیے جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ نے ریاست کے تمام اضلاع میں پھیلے ہوئے اپنے وابستگان کے ذریعے مختلف سطحوں پر سروے کروایا۔ مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے کھڑے کیے گئے امید واروں اور ان کی کار کردگی، عوام میں ان کی مقبولیت اور ان کی اہلیت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا

 

۔ اس دوران جماعت اسلامی ہند نے ایک عوامی منشور تیار کیا اور اس عوامی منشور کے نکات پر ریاست میں مقابلہ کرنے والی مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ مذکورہ بالا تمام ملاقاتوں اور ریاست بھر میں پھیلے ہوئے اپنے کیڈر کی جانب سے کیے گئے سروے اور جماعت کی مقامی اکائیوں کی جانب سے طے کردہ فیصلوں کو سامنے رکھتے ہوئے ریاست کی سیاسی کمیٹی نے حلقہ کی شوری کے سامنے اپنی سفارشات پیش کیں۔ جماعت اسلامی ہند حلقہ کی مجلس شوری نے ان سفارشات کی بنیاد پر یہ فیصلہ کیا ہے کہ ان انتخابات میں 69 اسمبلی حلقوں میں کانگریس پارٹی ، 41 اسمبلی حلقوں میں، بی آرایس پارٹی اور 7 اسمبلی حلقوں میں مجلس اتحاد المسلمین کے امید واروں کی تائید کی جائے۔ جب کہ ایک اسمبلی حلقہ میں سی پی آئی، ایک اسمبلی حلقے میں بی ایس پی اور ایک اسمبلی حلقے میں آزاد امیدوار کی تائید کی جائے گی۔

 

جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ کی مجلس شوری نے مذکورہ بالا تمام دلائل کے ساتھ اپنی سفارشات مرکز روانہ کر دی تھیں اور مرکز جماعت نے جماعت کی مقامی اکائیوں کی آرا اور حلقہ کی شوری کے دلائل کو قبول کرتے ہوئے شوری کی سفارشات کی توثیق کر دی ہے۔ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ کی سیاسی کمیٹی نے یہ بھی طے کیا ہے کہ وہ اپنے کیڈر کے ذریعے عوام میں حق رائے دہی کے استعمال کے متعلق شعور کی بیداری کا کام انجام دے گی، اور اس امر کی کوشش کی جائے گی کہ عوام میں ووٹ کی اہمیت کا احساس پیدا ہو اور ریاست میں رائے دہی کے تناسب بڑھے۔

 

اس موقع پر ہم ریاست کے تمام رائے دہندوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنے حق رائے دہی کا ضرور استعمال کریں۔ اور جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ نے کافی غور و خوص اور تفصیلی سروے کے بعد ریاست اور عوام کی بہتری کے لیے جو فیصلے کیے ہیں ان کے مطابق اپنے ووٹ کا استعمال کریں۔ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ کی جانب سے مختلف اسمبلی حلقوں میں جن پارٹیوں کی تائید کا فیصلہ کیا ہے ان کی تفصیلی فہرست منسلک ہے

متعلقہ خبریں

Back to top button