مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدر،نائب صدر اور جنرل سکریٹری کاحسنِ انتخاب ۔ جميعة علماء نیپال کی سرکردہ شخصیات کی طرف سے پُرخلوص مبارکباد

انوار الحق قاسمی
ناظم نشر و اشاعت جمعیت علماء ضلع روتہٹ نیپال
روتہٹ نیپال: مسلمانان ہند کی سب سے باوقار اور مضبوط تنظیم”آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ”ہے۔یہ تنظیم ملک میں موجود جملہ مسالک و مکاتب فکر کے مسلمانوں کی بہت ہی عمدہ نمائندگی کررہی ہے۔
اس تنظیم کی اہمیت ہر ایک کے یہاں مسلم ہے،ملکی اور عالمی سطح پر اسے مقبولیت عامہ حاصل ہے،حکومت ہند اور عدالت عظمیٰ بھی اس کی آواز خاموشی سے سنتی ہے اور اسے قدر و عظمت کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
یہ تنظیم اپنی نمایاں خدمات کی وجہ سے محتاج تعارف نہیں ہے،اسے اپنے ابتداء قیام ہی سے سراپا مخلص ارباب اختیار ملے ہیں،جن کے روشن کارناموں کی بنا آج "آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ”مسلمانوں کے قلوب میں ایک نمایاں مقام حاصل کرچکی ہے،دیگر مسلم تنظیموں پر اسے وہی مقام حاصل ہے،جو شمش کو قمر پر حاصل ہے۔
اس باوقار تنظیم کا ستائیسواں انتخابی اجلاس عام بتاریخ 20/نومبر بروز سنیچر کانپور میں مرشد الامت مولانا سید رابع حسنی ندوی صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی صدارت میں منعقد ہوا،جس میں ملک کے نامور علماء کرام نے شرکت کی۔
اس انتخابی اجلاس میں مولانا رابع حسنی ندوی متفقہ طور پر اگلی میعاد کے لیے دوبارہ صدر منتخب کئے گئے،شمش العلماء،عالمی شہرت یافتہ فقیہ مولانا محمد خالد سیف اللہ رحمانی جنرل سکریٹری نامزد کئے گئے اور جانشین شیخ الاسلام،عالمی ادارہ دارالعلوم/ دیوبند کے صدر المدرسین،جمعیة علماء ہند کے قومی صدر،امیر الہند مولانا ارشد مدنی نائب صدر منتخب کئے گئے۔
واقعی یہی چنیدہ علمی شخصیات ان باوقار عہدوں کے قابل تھیں،جنہیں ان عہدوں پر فائز کرکے،سمجھیے ،انہیں، ان کے حقوق دیئے گئے ہیں۔
اس حسن انتخاب پر ہندوستان،تو ہندوستان،نیپال کے علماء کرام میں بھی خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور نیپال کی سرکردہ شخصیات نے انہیں مبارکبادیاں پیش کی ہیں۔
اس انتخاب پر ناچیز انوار الحق قاسمی(ناظم نشر و اشاعت جمعیت علماء ضلع روتہٹ نیپال) مولانا سید رابع حسنی ندوی،مولانا خالد سیف اللہ رحمانی،مولانا ارشد مدنی کو دل کی عمیق گہرائیوں سے پرخلوص مبارکباد پیش کرتا ہےاور نیک خواہشات کا اظہار بھی۔
مجھے امید قوی ہے کہ ان تینوں شخصیات کے ذریعے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ مزید ترقی کرےگی اور نازک سے نازک موڑ پر تمام امت مسلمہ کی بہترین قیادت کریں گی۔
جمعیة علماء نیپال کی عظیم شخصیات: مولانا وقاری محمد حنیف عالم قاسمی مدنی(ناظم عمومی جمعیت علماء نیپال) مولانا محمد عزرائیل مظاہری (مرکزی ممبر جمعیت علماء نیپال) مولانا محمد درخشید انور (مرکزی ممبر جمعیت علماء نیپال) مفتی محمد ظہور (مرکزی ممبر جمعیت علماء نیپال)مفتی محمد امجد قاسمی(صدر جمعیت علماء ضلع روتہٹ حلقہ نمبر 3)اور دیگر علماء کرام: مفتی محمد کلیم اخترقاسمی مکی، مولانا قمرالہدی،مولانا صابر ثاقبی ،قاری ضمیر،مولانا شیخ اکرم ،قاری وکیل اور مولانا عمران نے مولانا سید رابع حسنی ندوی کےدوبارہ صدر،مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کے جنرل سکریٹری اور مولانا سید ارشد مدنی کے نائب صدر منتخب کئے جانے پر مبارکبادیاں پیش کی ہیں اور تینوں عظیم شخصیتوں کے لیے طول عمر کی دعائیں دی ہیں۔باری تعالیٰ نومنتخب ذمہ داران کے ذریعے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کو خوب ترقیات سے نوازے۔