تلنگانہ

عادل آباد کے قبائلیوں نے بھی یکساں سول کوڈ کی مخالفت کردی _ سنگین نتائج کا دیا انتباہ

عادل آباد۔13/جولائی(اردو لیکس)آدیواسی حقوق جدوجہد کمیٹی (ٹڈم دیبا) کے عادل آباد ضلع ( تلنگانہ) کے صدر گیدم گنیش نے کہا کہ وہ یونیفارم سول کوڈ بل کی سخت مخالفت کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت کے لئے یہ مناسب نہیں ہے کہ وہ قبائلیوں کو نقصان پہنچانے کے لئے خصوصی قوانین پاس کرے،انہوں نے مرکزی حکومت پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اس بات کی وضاحت کی کہ مرکزی حکومت کی جانب سے لایا جانے والے یو سی سی قانون سے آدیواسیوں کے حقوق کی خلاف ورزی ہوگی

 

،عادل آباد شہر کے پریس کلب میں منعقدہ ایک میڈیا کانفرنس میں انہوں نے آدیواسی لیڈروں کے ہمراہ اور کھلے عام یونیفارم سول کوڈ کی مذمت کی۔انہوں نے کہا کہ آدیواسی قبائل کو خصوصی حقوق اور قوانین حاصل ہیں۔انہوں نے کہا کہ قبائیلیوں کی ثقافت،روایات اور رسم و رواج خاص ہیں۔ایس ٹی ریزرویشن کے نام پر جیتنے والے ایم ایل اے اور ایم پی کو اسمبلی اور پارلیمنٹ میں اپنی آواز بلند کرنی چاہئے اور اس پر وسیع بحث کی ضرورت ہے

 

۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس یونیفارم سول کوڈ کی مخالفت میں ملک بھر میں جدوجہد کی تیاری کا آغاز کیا جارہا ہے۔انہوں نے جمہوریت پسندوں،دانشوروں،کسانوں، مزدوروں، قبائلیوں،اور سرپنچوں سے ایک اور جدوجہد کے لیے تیار رہنے کی اپیل کی۔انہوں نے کہا کہ اس یو سی سی بل کی مخالفت کی جانی چاہئے جو کہ قبائلیوں کی بقاء کے بالکل خلاف ہے۔ہم اس اقدام کی شدید مذمت کرتے ہیں جو ہندوستان کے آئین میں درج قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

 

انہوں نے مرکزی حکومت سے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ وہ یونیفارم سول کوڈ کو نافذ کرنے کا ارادہ ترک کرے،بصورت دیگر سخت احتجاج کا انتباہ دیا۔اس موقع پر آدیواسی قبائلی لیڈروں کی کثیر تعداد نے پریس کانفرنس میں شرکت کی اور بل کی مخالفت کی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button