این آر آئی

نظام آباد کے دو مسلم خواتین کی قطر جیل سے رہائی _ رکن کونسل کویتا کی کامیاب نمائندگی

جاگرتی جنرل سکریٹری نوین آچاری نے نظام آباد میں ان کی رہائش گاہ پہنچ کر ملاقات کی , متاثرہ خواتین کا کویتا سے اظہار تشکر

حیدرآباد:۔ رکن قانون ساز کونسل کلواکنٹلہ کویتا نے ایک بار پھر اپنی بے لوث خدمات اور انسان دوستی کا واضح پیام دیا ہے ۔قطر کی جیل میں قید دو خواتین جو اپنے وطن اور گھر پہنچنے کی امیدیں کھو چکی تھیں انہیں صحیح سلامت وبحفاظت وطن لایا گیا ۔ نظام آباد کے نگرم سے آسیہ بیگم اور شیخ نسیمہ گزشتہ دس ماہ سے روزگار کیلئے قطر میں مقیم تھیں۔ وہاں ایک مکان میں گھر یلو خادمہ کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہی تھیں۔ لیکن چند دنوں بعد ہی انہیں ہراساں کیا جانے لگا اور مناسب تنخواہ نہیں دی گئی۔اس کے علاوہ ان خواتین کو زدوکوب کرنا اور کھانا نہ دینا معمول بن گیا تھا۔ لہذا وہ وہاں سے فرار ہوگئیں

 

لیکن پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہوگئیں۔ جیل میں قید متاثرین نے تلنگانہ جاگرتی کے جنرل سکریٹری نوین آچاری کو نظام آباد شہر میں اپنے رشتہ داروں کے ذریعہ اطلاع دی۔ بعد ازاں مذکورہ واقعہ سے ایم ایل سی کویتا کو واقف کروایا گیا۔ جس کے ساتھ ہی کویتا نے ایک بار پھر انسان دوستی اور فراخدلی کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ ایم ایل سی کویتا نے قطر میں جاگرتی کی صدر نندنی ابگاؤنی کو اس پورے معاملہ سے آگاہ کیا جس کے بعد نندنی ابگاؤنی جیل گئیں اور ان متاثرہ خواتین سے بات کی۔ حکام سے وقتا فوقتا بات کرتے ہوئے صرف 10 دن میں متاثرین کو جیل سے باہر لایا گیا اور قطری حکام کے سامنے مسئلہ اٹھا کر مفت فلائٹ ٹکٹس کا انتظام کیا گیا۔ جاگرتی کے جنرل سکریٹری نوین آچاری نے متاثرہ خواتین سے ان کے مکان پہنچ کر ملاقات کی۔

 

رکن کونسل کویتا سے اظہار تشکر کرتے ہوئے دونوں خواتین جذباتی ہوگئیں اور رو پڑیں۔ اس موقع پر جاگرتی ضلع صدر اونتی کمار، ریاستی سکریٹری ناروا سدھاکر، یوتھ ضلع صدر ریحان اور دیگر موجود تھے ۔

متعلقہ خبریں

Back to top button