کامیڈین منور فاروقی کا حیدرآباد میں شو

کامیڈین منورفاروقی کا حیدرآباد میں شوہوگا

حیدرآباد_ کامیڈین منورفاروقی جن کو بنگالوروپولیس نے حال ہی میں دائیں بازوکی تنظیموں کے احتجاج کے پیش نظر لااینڈ آرڈرکے مسئلہ کا حوالہ دیتے ہوئے شوکرنے سے روک دیاتھا،جلدہی تلنگانہ کے دارالحکومت میں اپنا پروگرام پیش کریں گے۔فاروقی نے ممبئی میں بھی اپنا پروگرام کیا تھا اور اب وہ حیدرآباد میں اپنا پروگرام پیش کرنے جارہے ہیں۔انہوں نے اس بات کا اعلان اپنے انسٹاگرام پوسٹ سے کیا جس میں انہوں نے اپنے شو کا نام”دھندو“رکھا۔یہ شو9جنوری کو ہونے والا ہے۔انہوں نے اس شو کے ٹکٹ کا لنک بھی شئیر کیا۔اس شوکے مقام کا ہنوز اعلان نہیں کیاگیا ہے۔قبل ازیں تلنگانہ کے وزیربلدی نظم ونسق تارک راما راو نے کہا تھا کہ حیدرآباد کاسماپولیٹن شہر ہے جہاں مختلف علاقوں کے لوگ بستے ہیں۔انہوں نے کامیڈین کو اپنا شو یہاں کرنے کی دعوت دی تھی۔انہوں نے مزید کہا تھا کہ ہم محض اس لئے منورفاروقی اور کنال کامرا کے شومنسوخ نہیں کریں گے کیونکہ ہم ان سے سیاسی اعتبارسے ہم آہنگ نہیں ہیں۔دائیں بازو کے گروپس کے احتجاج کے بعد بنگالورو میں فاروقی کے شوکو نومبر میں منسوخ کردیاگیا تھا۔ساتھ ہی گجرات،گرگاوں،چھتیس گڑھ اور گوا میں بھی ہندوتواگروپس کی دھمکیوں پر ان کے شوکو منسوخ کردیا گیاتھا۔