تلگو فلموں کے مشہور اداکار کوٹا سرینواس راؤ چل بسے

حیدرآباد13جولائی(اردولیکس) مشہوراداکار کوٹا سرینواس راؤ طویل علالت کے بعد حیدرآباد میں چل بسے۔ ان کی عمر 83 سال تھی۔
اپنی پراثر اداکاری اور ناقابلِ فراموش کرداروں کے لیے شہرت پانے والے کوٹا سرینواس راؤ کی موت تلگوفلمی دنیا میں ایک ناقابلِ تلافی خلا چھوڑ گئی ہے۔ اسٹیج سے لے کر اسکرین تک ان کا تقریباً پانچ دہائیوں پر محیط فلمی سفر بے شمار فنکاروں کے لیے مشعلِ راہ رہا اور لاکھوں ناظرین کے چہروں پر کبھی مسکراہٹیں، کبھی آنسو اور کبھی غور و فکر کے لمحے لے آیا۔
فلمی دنیا میں قدم رکھنے سے قبل انہوں نے بی ایس سی کی ڈگری حاصل کی اور کچھ عرصہ اسٹیٹ بینک میں ملازمت بھی کی۔ تاہم، ان کے اندر چھپا فنکار تھیٹر کے ذریعہ اُبھرا اور پھر جلد ہی فلمی دنیا نے انہیں پکارا۔ ان کا فلمی سفر 1978 میں "پرانم کھیریدو” سے شروع ہوا، اور پھر وہ کبھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھے۔
کوٹا سرینواس راؤ کا فلمی سفر حیرت انگیز حد تک وسیع ہے۔ انہوں نے 750 سے زائد فلموں میں کام کیا، جن میں تلگو، تمل، ہندی، کنڑ اور ملیالم زبانوں کی فلمیں شامل ہیں۔
وہ ان گنے چنے اداکاروں میں سے تھے جو صرف ایک نظر یا ایک جملے سے ناظرین کو ہنسا بھی سکتے تھے، خوفزدہ بھی کر سکتے تھے، نفرت بھی دلا سکتے تھے اور محبت بھی جتوا سکتے تھے۔