تلنگانہ

مکہ مسجد میں نماز جمعہ ادا کی گئی۔پرانا شہر میں صورتحال پر امن

حیدرآباد: شہرحیدرآباد کی تاریخی مکہ مسجد میں نمازجمعہ ادا کی گئی۔ نماز ختم ہوتے ہی لوگ باہرنکل رہے تھے کہ اچانک بارش شروع ہوگئی۔ عینی شاہدین کے مطابق مصلیوں کی تعداد معمول سے کم دیکھی گئی۔ علمائے کرام نے کل ہی مسلمانوں سے گنیش وسرجن کے پیش نظرمقامی مساجد میں نماز ادا کرنے کی اپیل کی تھی۔

نماز تک گنیش جلوس تاریخی چارمینارتک نہیں پہنچا، ذرائع کے مطابق جلوس نکالنے میں تاخیرکی وجہہ سے اس کی آمد میں تاخیرہوئی۔ بالا پور سے گنیش جلوس کا آغاز ہوا جو19 کیلو میٹر راستے سے گذرتا ہوا حسین ساگرپہنچے گا۔گنیش وسرجن جلوس کے پیش نظر سٹی پولیس کی جانب سے سیکوریٹی کے وسیع تر انتظامات کئے گئے ہیں اور 24000ملازمین پولیس کوتعینات کیا گیا ۔ جلوس کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آنے پائے اس کیلئے پولیس کمانڈ کنٹرول سے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ نظر رکھی جارہی ہے۔ جمعہ کو جلوس کے پیش نظر پولیس کمشنر سی وی آنند نے عہدیداروں کے ہمراہ کل پرانے شہر کا دورہ کرتے ہوئے سیکوریٹی انتظامات کا جائزہ لیا تھا۔

دونوں شہروں میں 9523 گنیش کی مورتیاں بٹھائی گئی ہیں۔ حیدرآباد میں 24,132 ملازمین پولیس اور 122 ریزرو پولیس کے پلاٹونس کو تعینات کیا گیا ہے اور جلوس پر سی سی ٹی وی کیمروں سے نظر رکھی جارہی ہے۔ سی سی ٹی وی کیمروں کے علاوہ دونوں شہروں میں 739 اضافی سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے جبکہ 10 ڈرون کیمروں کا استعمال کیا جارہا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button