جنرل نیوز

حضرت سید شاہ حید ر ولی اللہ قادریؒ (نیلنگہ شریف) آج سے 5 روزہ عرس شریف کا آغاز۔ چہارشنبہ کو جلسہ وتقریب خلافت و محفل سماع مقرر

حیدرآباد22 دسمبر (راست) بر صغیر ہند و پاک میں سرزمین دکن کو اس بات کا اعزاز حاصل ہے کہ یہاں اولیاء اللہ کی کثیر تعداد موجود ہے۔ جنہوں نے دین حنیف کے لئے اپنی زندگیوں کو احکامات الہٰی اور حب رسولؐ میں وقف کر دی اور انہیں اللہ تعالی نے اپنے فضل و کرم سے اپنے پسندیدہ بندوں میں شامل کر لیا ہے۔ دنیا انہیں اولیاء اللہ کے نام سے جانتی ہے یہ وہ بزرگ ہستیاں ہیں جنہوں نے اللہ تعالی کی رضا و خوشنودی کے لئے بندگان خدا میں ایمانیات و انسانیت کا درس عام کیا جس کے ذریعہ نہ صرف مسلمان بلکہ دیگر ابنائے وطن بھی ان کے حسن سلوک، تقویٰ و پر ہیز گاری سے متاثر ہو کر اسلام کی طرف جوق در جوق داخل ہونے لگے اور ان بزرگان عظام کو ہی اولیاء اللہ کی صف میں شامل کیا جاتا ہے۔ دنیا جنہیں محبوب سبحانی قطب ربانی الباز الاشہب محی الدین سید نا عبد القادر جیلانی ؒ المعروف غوث الاعظمؒ کے نام سے یاد کرتی ہے ان ہی کی آٹھویں پشت سے حضرت سید شاہ حیدر ولی اللہ قادری ہیں جن کی ولادت885 ہجری اور وفات1033 ہجری ہے۔ آپ کا مزار مبارک موجودہ مہاراشٹرا کے علاقہ نیلنگہ شریف میں واقع ہے جو سرچشمہ غوثیت کا آئینہ دار ہے۔ آپ کے والد حضرت سید شاہ حسین جیؒ جو حج کے لیے تشریف لے گئے تھے کہ آپ کا وصال مکہ معظمہ میں ہوا اور تدفین جنت المعلیٰ میں عمل میں آئی جو قبل از یں سجادہ نشین روضہ حضور سیدنا غوث الثقلین غوث الاعظم دستگیرؒ کے منصب پر فائز تھے۔ بعد ازاں سجادہ نشین اس لقب کو نقیب الاشراف سے موسوم کیا گیا۔ حضرت سید شاہ حیدر ولی قادریؒ کے نبیرہ ابوالحسن سید شاہ حضرت نبیرہ قادری بیجاپوری جو کہ بیجاپورہی میں مدفن ہیں کو سلاطین عادل شاہی اور نگ زیب کے انعامات و اکرامات عطا کئے گئے اور دور آصف جاہی میں دعا گوئی کے لئے عطا کئے گئے انعامات و جا گیرات کو موجودہ حکومت نے جوں کا توں بحال رکھا۔ عادل شاہی اور نگ زیب کے بعد آصف جاہی خاندان نے انعامات اکرامات میں آئی جا گیرات کو جوں کا توں بحال رکھا۔ رائچور سے جو سب سے بڑی جاگیر تھی 18000 روپیوں پر مشتمل لگان حاصل ہوتا ہے اس میں انا حصور، چتر نال، مرکٹ نال، بنڈون، تما پور، تعلقہ منگ سگور بیجا پور ضلع میں کنڈہ کے اطراف 3 دیہات شامل ہیں اور بیجا پور میں عادل شاہ نے اپنی حویلی ابوالحسن سید شاہ حضرت قادری کو نذر کیا جہاں موجودہ سجادہ نشین کی قیام گاہ ہے۔اس کے علاوہ نیلنگہ میں واقع مستقر پر اطراف کے دیہات کیل گاؤں تو گاؤں ضلع بیدر امبے واڑ اور امبول گاہ جو آج بھی زیر تصرف ہیں۔ حضرت سید حیدر شاہ ولی قادریؒ کے مریدین میں ملک الشعراء غواصی سلطان عبداللہ قطب شاہ بھی شامل ہیں۔ غواصی کے مرشد سید شاہ حیدر ولی اللہ کے خوارقات میں ایک مستقل تصنیف موسوم بہ خوارق حیدری ہے جس کے تین نسخوں کا پتہ چلا ہے ایک کتب خانہ لطیفیہ حضرت مکان ویلور میں موجود ہے۔ دوسرا نسخہ سجادہ صاحب درگاہ حضرت سید میراں شاہ حید ر ولی اللہ قادری، قادری محل بیجاپور کے یہاں اور تیسرا نسخہ پیر پاشاہ سجادہ نشین سید شاہ کریم اللہ بن سید شاہ حیدر ولی اللہ کے ہاں کرنول اے پی میں ہے۔ حضرت سید شاہ حیدر ولی اللہ قادری کے 412 ویں عرس تقاریب کو احاطہ درگاہ شریف واقع نیلنگہ شریف ضلع لاتور مہاراشٹرا میں شایان شان طریقہ پر 9 تا 13 جمادی الثانی 1445 ھ مطابق 23 دسمبر تا 27 دسمبر 2023 منایا جارہا ہے۔ہفتہ 23 دسمبر کو خدمت فراشی بعد مغرب فاتحہ خوانی ہوگی۔ اتوار 24 دسمبر کو جلوس صندل اور مراسم صندل ہوں گے۔ پیر 25 دسمبر کو محفل چراغاں ہوں گی۔ منگل 26 دسمبر کو محفل سماع اور جلسہ منعقد ہوگا۔ عرس شریف کی اہم تقریب چہارشنبہ 27 دسمبر کو بعد نماز عشاء منعقد ہوگی جس میں جلسہ فیضان اولیاء‘ محفل سماع ہوگی۔ اس موقع پر خرقہ خلافت ودستاربندی کی تقریب بھی ہوگی۔ حضرت مولانا سید شاہ حیدرولی اللہ نبیرہ قادری سجادہ نشین عرس شریف کی تمام محافل کی نگرانی کریں گے اور خلافت سے سرفراز کریں گے۔ ہزاروں عقیدت مند بلا لحاظ مذہب و ملت شرکت کر کے فیوض و برکات حاصل کریں گے۔ اس موقع پر ملک کے ممتاز مشائخین عظام علماء اکرام کے علاوہ سیاسی و سماجی و ادبی شخصیات اور مختلف انجمنوں کے سربراہان شرکت کریں گے۔سید شاہ نصیر الدین نبیرہ قادری عرف شعیب بابا نامزدجانشین نے اہل ذوق سے شرکت کی اپیل کی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button