جنرل نیوز

ڈی ای او نرمل کی لاپرواہی کے باعث 12اردو اسکولس بند

نرمل _ 20 جون ( پریس ریلیز) شیخ شبیر علی،صدر تلنگانہ اسٹیٹ میناریٹی ایمپلائز ویلفئر اسوسی ایشن نرمل نے صحافتی بیان میں کہاکہ ضلع نرمل میں اردو میڈیم اسکولوں کے ساتھ ڈی ای او رویندر ریڈی کی جانب سے ناانصافی کی جارہی ہے

۔جی او نمبر 317کے تحت اساتذہ کے تبادلے کئے گئے تھے ،جس کی وجہ سے سنگل ٹیچر اردو میڈیم تحتانیہ اسکولوں کو شدید نقصان ہوا، کیونکہ وہاں پر کوئی بھی ٹیچر باقی نہیں رہا اور یہ اسکولس لاوارث ہوگئے تھے۔ان اسکولوں کیلئے ورک اسسمنٹ کے تحت اساتذہ کو معین کرتے ہوئے ڈی ای او نرمل کی جانب سے پروسیڈنگ جاری کئے گئے تھے لیکن اس پر سختی سے عمل آوری نہیں کی گئی،جس کے نتیجہ میں جملہ 12اردو اسکولوں کو تیلگو یا انگلش میڈیم اسکولوں میں ضم کردیا گیا۔

جن میں قابل ذکر (1)لمبا(کے)،(2)گولہ مڑہ۔ کنٹالہ منڈل، (3)راجورا، (4) پپری،(5)نگر۔لوسرا منڈل، (6)کمال بھینسہ، (7)جام گاؤں۔کوبیر منڈل،(8)مچکل۔مدھول،(9)پینڈ پلی،(10)کورٹیکل،(11)پونکل۔مامڑہ منڈل،(12)یلغڑپ۔کڑیم منڈل ہیں۔ انھوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ڈی ای او کی عدم توجہ سے یہ اسکولس بند ہوگئے ہیں۔جس کی وجہ سے نہ صرف اردو میڈیم کے طلبہ بلکہ ٹرینڈ ٹیچرس کا بھی نقصان ہوا۔ انھوں نے واضح کیاکہ ایک اردو میڈیم اسکول قائم کروانے کیلئے مقامی ایم ایل اے سے لیکر ریاستی وزیر تعلیم تک کئی بار نمائندگیاں کرنی پڑتی ہیں اور سرکاری دفاتر کے کئی چکر لگانے اور انتھک جدوجہد کرنا پڑتا ہے۔جبکہ ان اسکولوں میں اساتذہ کے تقررات نہ کرتے ہوئے اسے بند ہونے کیلئے چھوڑ دیا جاتا ہے

،انھوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ سابق میں جی او نمبر 317کے تحت تبادلوں کے دوران بھی دھاندلیاں کی گئیں اور بالخصوص اردو میڈیم کے ساتھ ناانصافی کی گئی اور انھیں ہراساں کیا گیا تھا۔ شیخ شبیر علی نے بتایاکہ ضلع نرمل میں تیلگو اور اردو میڈیم میں اساتذہ کی جملہ 516مخلوعہ ہیں تاہم صرف 295جائیدادوں پر تقررات کو منظوری دی گئی اور مجوزہ ٹی آر ٹی میں ان جائیدادوں کو پر کیا جائے گا۔ جس میں اردو میڈیم ایس جی ٹی کی جملہ 52 جائیدادیں مخلوعہ ہیں۔

جن میں گورنمنٹ۔11اور لوکل باڈی۔41 ہیں۔انھوں نے ریاستی وزیر اندرا کرن ریڈی سے مطالبہ کیاکہ وہ اسکولوں میں موجود طلبہ کی تعداد کے لحاظ سے درکار اساتذہ کی جائیدادوں کو منظور کرواتے ہوئے ان پر تقررات کو یقینی بنائیں۔وہیں دوسری جانب ریاستی وزیرتعلیم سبیتا اندرا ریڈی سے اردو میڈیم اسکولوں پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے مخلوعہ جائیدادوں کو پر کرنے اور ایس سی، ایس ٹی کی بیاک لاگ جائیدادوں کو ڈی ریزرو کرتے ہوئے ان پر تقررات کرنے کا مطالبہ کیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button