جنرل نیوز

ممبئی کے دار العلوم عزیزیہ کے اساتذہ و طلبہ یوم آزادی کے موقع پر ترنگا لہراتے ہوئے

ممبئی کے مضافات میں دار العلوم عزیزیہ میراروڈ کے اساتذہ اور طلباء نے قومی ترانہ پڑھ کر ترنگا لہرایا، دار العلوم عزیزیہ کے صدر المدرسین مولانا شرافت حسین مظاہری نے پرچم کشائی کی اور جملہ اساتذہ و طلبہ نے تالیوں سے استقبال کیا، دار العلوم عزیزیہ کے طالب علم احراز الحسن نے اس موقع پر جنگ آزادی میں علماء کے کردار کے موضوع پر ایک ولولہ انگیز تقریر کی، دو طالب علموں نے ڈاکٹر محمد اقبال کے ترانہ ہندی کو خوشنما لہجہ میں پڑھا، دار العلوم عزیزیہ کے استاد حدیث وتفسیر مولانا محمد عارف عمری صاحب نے طلبہ و اساتذہ کو خطاب کرتے ہوئے سب کو یوم آزادی کی مبارک باد پیش کی اور یہ کہا کہ آزاد ہندوستان میں ملک کے سارے باشندوں کو دستوری لحاظ سے یکساں حقوق حاصل ہیں،

 

جبکہ غلام ہندوستان میں ہر ضلع کے کلیدی مناصب پر صرف انگریز ہی فائز ہوسکتے تھے، ہندوستانی باشندوں کی آخری معراج یہ ہوتی تھی کہ وہ کسی اعلی محکمہ میں انگریز افسر کے ڈپٹی ہوسکتے تھے، مولانا عمری نے یہ بھی کہا کہ دستور کاغذی ضمانت ہے، لیکن اپنے حقوق کی حصول یابی کے لئے ہم کو تعلیم کے میدان میں سخت جد وجہد کرنی ہوگی، عزم و حوصلہ اور محنت کے بل پر ہم ملک میں اپنا با وقار مقام بناسکتے ہیں، مولانا عارف عمری نے ملک میں جمہوریت کی مضبوطی کی مثال پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک کا اعلی ترین منصب صدر جمہوریہ کا ہوتا ہے کہ اور جمہوریت ہی کی بنیاد پر سابق صدر جمہوریہ پسماندہ طبقہ سے منتخب ہوئے اور حالیہ صدر جمہوریہ قبائلی طبقہ سے تعلق رکھتی ہیں،

دار العلوم عزیزیہ کے نائب مہتمم مفتی عبداللہ قاسمی نے پروگرام کی نظامت کے فرائض انجام دئے اور جملہ حاضرین میں شیرینی تقسیم کی

متعلقہ خبریں

Back to top button