جنرل نیوز

مسلم جنرل ہاسپٹل حیدرآباد _  خدمتِ خلق کی روشن مثال 

ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی 

 

شام کو حیدرآباد (دکن) میں اجتماعِ ارکان سے فراغت ملی _ یہ اجتماع وادی ھدی کیمپس میں منعقد ہوا تھا _ حیدر آباد میں 800 سے زائد ارکان ہیں _ کسی ایک شہر میں ارکانِ جماعت کی اتنی بڑی تعداد شاید ہی ملک کے کسی اور شہر میں ہو _ اس کیمپس میں جماعت اسلامی ہند کا قائم کردہ تعلیمی ادارہ جامعہ دار الھدی کافی برسوں سے خدمت انجام دے رہا ہے _ گزشتہ برس مسلم جنرل ہاسپٹل بھی قائم ہوا ہے _ خواہش ہوئی کہ اسے دیکھ لیا جائے _ محترم خالد باوزیر صاحب نے یہ خواہش پوری کردی _

شہر حیدرآباد میں 23 مقامی جماعتیں ہیں _ سب دینی اور سماجی خدمات کی انجام دہی کے ساتھ رفاہی کاموں میں بھی سرگرم ہیں _ اس کے لیے حلقہ کی سطح پر اسلامک سوشل سروس سوسائٹی قائم ہے _ امیر حلقہ بہ حیثیت عہدہ سوسائٹی کے تحت قائم تمام اداروں کے چیئرمین ہوتے ہیں _ ہر ادارہ کے وائس چیئرمین اور سکریٹری الگ الگ افراد ہوتے ہیں _ جماعت کا قائم کردہ مسلم میٹرنٹی ہاسپٹل کافی دنوں سے یہاں خدمت انجام دے رہا ہے _ مسلم جنرل ہاسپٹل گزشتہ سال قائم کیا گیا ہے _ بتاتے ہیں کہ کورونا کا آغاز ہوا تو اس کی تعمیر کا ارادہ کیا گیا _ اسٹرکچر کھڑا ہونے کے بعد 20 روز کی مسلسل دن رات کی محنت کے بعد اسے استعمال کے لیے تیار کر لیا گیا _ 15 مئی 2011 کو اس کا افتتاح ہوا تھا _ دو ماہ اسے کورونا کے مریضوں کے لیے خاص رکھا گیا ، بعد میں اسے عام کردیا گیا _

رات میں ایک رکن جماعت کے بیٹے کا ولیمہ تھا _ ان کی دعوت پر ولیمہ کی تقریب میں حاضری ہوئی _ وہاں سے واپسی پر ہاسپٹل کے نائب صدر جناب خالد باوزیر اور سکریٹری جناب یوسف خاں مجھے اور جناب مجتبیٰ فاروق چیئرمین مرکزی تعلیمی بورڈ جماعت اسلامی ہند کو ، جن کے ساتھ میں اجتماع ارکان میں شرکت کے لیے گیا تھا ، ہاسپٹل دکھانے اپنے ساتھ لے گئے _ بڑی محبت سے اسپتال کی ایک ایک چیز دکھائی _ ایمرجنسی ، جنرل وارڈ ، پرائیویٹ وارڈ ، کنسلٹنٹ چیمبرس ، فارمیسی ، آئی سی یو وغیرہ _ آپریشن تھیٹر پوری طرح تیار ہے اور اس میں ہر طرح کے آپریشن ہوتے ہیں _ لیبر روم بھی ہے _ زیادہ تر ڈیلیوریاں نارمل کرواکے کی کوشش کی جاتی ہے _ وقتِ ضرورت ‘عملِ قیصری'(سیزیرین سیکشن) کا بھی نظم ہے _اسپتال میں فی الحال 7 ڈپارٹمنٹس ہیں _ مزید کے آغاز کا ارادہ ہے _ الٹراساؤنڈ اور دوسری مشینیں موجود ہیں _ ایکسرے مشین آگئی ہے ، جلد اس کا انسٹالیشن ہوجائے گا _ خاص بات یہ کہ یہ تمام خدمات بہت معمولی فیس پر فراہم کی جاتی ہیں ، اسپتال No profit, No loss کی بنیاد پر چلایا جا رہا ہے _

جماعت اسلامی ہند کی رفاہی خدمات کا ایک میدان طب و صحت ہے _ پورے ملک میں بہت سے اسپتال چلائے جارہے ہیں _ ان میں ایک حیدرآباد کا یہ مسلم جنرل ہاسپٹل بھی ہے ، جس نے مختصر عرصے میں اچھی شہرت حاصل کرلی ہے _ اللہ تعالیٰ تن دہی اور محنت سے خدمت انجام دینے والوں کو اچھا بدلہ عطا فرمائے، آمین یا رب العالمین!

متعلقہ خبریں

Back to top button