کورونا کی وباء کی وجہہ سے ہندوستان میں پھنسے غیرملکیوں کیلئے خوشخبری

نئی دہلی: مرکزی حکومت نے کورونا کی وجہہ سے ہندوستان میں پھنسے ہوئے غیرملکی باشندوں کے ویزا کی معیاد میں اس مہینہ کی 30 تاریخ تک توسیع کردی ہے۔ اس سے پہلے یہ سہولت 31 اگست تک دستیاب تھی۔ وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ کووڈ-19 وبا کی وجہ سے پیدا صورتحال کے پیش نظر کئی غیرملکی جو پچھلےسال مارچ سے پہلے مختلف وجوہات کی بنا پر ہندوستان آئے ہوئے تھے وہ ملک میں پھنسے ہوئے ہیں۔ مرکز نے ان کی سہولت کی خاطریہ فیصلہ کیا ہے۔ پھنسے ہوئے غیرملکی شہریوں پر مقررہ مدت سے زیادہ قیام کرنے سے متعلق کوئی جرمانہ لگائے بغیر ان کے باضابطہ ویزا یا ای-ویزا یا قیام کی اجازت کی مدت میں بغیر کسی فیس کے توسیع کردی ہے ایسے افراد کو ویز کی معیاد میں توسیع کیلئے کسی بھی قسم کی درخواست داخل کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔