این آر آئیز کے مسائل پر حکومت کو توجہ دینے کی ضرورت۔غیرمقیم ہندوستانیوں کے مسائل پر اجلاس۔ مختلف شخصیات کا خطاب

حیدرآباد۔ 25 ستمبر (پریس نوٹ) ٹی آر ایس لیڈر اور سماجی کارکن خلیق الرحمن نے وعدہ کیا ہے کہ وہ ریاستی حکومت سے این آر آئیز کو زمینات الاٹ کرنے کے لئے نمائندگی کریں گے۔ سورانا ہال لکڑی کا پل میں اوورسیز تلنگانہ اسوسی ایشن یو ایس چیاپٹر کے آغاز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ حکومت اراضی کے الاٹمنٹ کی سماج کے مختلف طبقات کو پیش نظر رکھتی ہے لیکن غیرمقیم ہندوستانیوں کو اراضی الاٹ کرنے کے بارے میں کبھی غور نہیں کیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ وہ این آر آئیز کے مسائل حل کرنے کے لئے ہر ممکن مدد کریں گے۔ خلیق الرحمن نے کہا کہ این آر آئیز کو اپنے مسائل کی یکسوئی کے لئے حکومت پر زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالنا چاہئے۔ انھوں نے اپنی نجی حیثیت سے وعدہ کیا کہ وہ این آر آئیز کے پروگرامس کے انعقاد کے لئے اپنا ایک ہال ہمیشہ مفت فراہم کریں گے۔ اس موقع پر صدر اوورسیز تلنگانہ اسوسی ایشن عرفان قریشی نے کہا کہ تنظیم کافی عرصہ سے بالخصوص صحت اور تعلیم کے شعبہ میں سرگرم ہے اور اب اس نے مختلف مقامات پر محلہ کلینکس قائم کرنے اور تجہیز و تکفین کے مسائل حل کرنے پر توجہ دی ہے۔ اس سلسلہ میں بعض مقامات پر غسل خانوں کی تعمیر اور غسل ویانس کی فراہمی کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ اس موقع پر رشتہ داروں اور عزیزواقارب کی مدد میں غیرمقیم ہندوستانیوں کو سہولت پیدا کرنے کے لئے ایک ویب سائیٹ nribuz.com بھی جاری کی گئی۔ منیجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست جناب ظہیر الدین علی خان نے اس ویب سائیٹ کو لانچ کیا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں انھوں نے اس منفرد کوشش کی ستائش کی اور کہا کہ اس سے غیرمقیم ہندوستانیوں کو سہولت ہوگی۔ انھوں نے اپنے ادارے کی جانب سے کی جانے والی مختلف فلاحی اسکیمات کا بھی تذکرہ کیا۔ ویب سائیٹ کے محرک اور اوورسیز تلنگانہ اسوسی ایشن یو ایس چیاپٹر کے صدر احمد شاہ کوہی نے ویب سائیٹ کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی اور کہا کہ وہ اس وابستہ توقعات کو پورا کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ صدرنشین ڈان گروپ آف انسٹی ٹیوشنس فضل الرحمن خرم نے او ٹی اے یو ایس چیاپٹر اور nribuz.com کی لانچنگ پر مسرت کا اظہار کیا اور نیک تمنائیں ظاہر کیں۔ اس موقع پر تعلیم، قانون، طب و تجارت کے بشمول مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے این آر آئیز سے جڑے مسائل اور ان کے حل پر خطابات کئے۔