حیدرآباد میں پھردھواں دھاربارش۔ عثمان ساگراورحمایت ساگر کے 4 دروازے کھول دئیے گئے

حیدرآباد: محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے مطابق آج دوپہرکے بعد حیدرآباد سکندرآباد کے علاوہ مضافات میں زبردست بارش ہوئی۔ سڑکوں پرپانی جمع ہوگیا اورموسیٰ رام باغ علاقہ میں موسیٰ ندی کے پل پربارش کا پانی جمع ہوجانے کی وجہہ سے گاڑی رانوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ واضح رہے کہ قبل ازیں دار الحکومت میں آج دوپہر زبردست بارش کی پیش قیاسی کی گئی تھی ۔ ڈائریکٹر انفورسمنٹ ویجنلس اور ڈیزائسٹر مینجمنٹ کے عہدیداروں کو چوکس رہنے کی ہدایت جاری کردی گئی تھی اس کے علاوہ موسلادھار بارش کے پیش نظر شہریوں کو چوکنا رہنے کا مشورہ دیا گیا تھا۔ طوفانی بارش کو دیکھتے ہوئے عہدیداروں کی جانب سے موسی ندی میں پانی چھوڑا جارہا ہے ۔ حمایت ساگر اور عثمان ساگر کے چار گیٹ کھول دئے گئے ہیں۔ شہریوں سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ موسم کی صورتحال کے پیش نظر اپنے سفر کا منصوبہ بنائیں ۔ بتایا گیا ہے کہ ڈی آر ایف کے دستہ متحرک ہیں۔ واضح رہے کہ کل رات حیدرآباد میں ہوئی زبردست بارش کی وجہ سے کئی نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہوگیا تھا۔