جنرل نیوز

حصول تعلیم کے ساتھ طالبہ نے کیا حفظ۔محبوب نگر میں تکمیل حفظ قرآن مجید تقریب کا انعقاد

محبوب نگر:  وبائی مرض کوڈ19کے دوران وقفہ وقفہ سے لاک ڈاؤن و کرفیو کے باوجودمحبوب نگرمستقرکے محلہ شاہ صاحب گٹہ کی ایک طالبہ نے اپنی تعلیمی مصروفیت کو جاری رکھتے ہوئے حفظ قرآن تکمیل کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق لڑکیوں اور خواتین کادینی و اقامتی ادارہ مدرسہ دارالعلوم عربیہ محبوب نگرللبنات،(ملحقہ جامعہ نظامیہ )شاہ صاحب گٹہ،محبوب نگرکی طالبہ سیدہ محمدی بنت سید فریدالدین نے لاک ڈاؤن کے دوران بھی اپنی تعلیمی سرگرمیوں کو جاری رکھتے ہوئے 11جمادی الاخری 1443ھ مطابق 15/جنوری 2022ءبروز ہفتہ،رابعہ بصری ہال،میں منعقدہ ہفتہ واری تربیتی واصلاحی درس کے موقع پر حضرت علامہ حافظ سیدرؤف علی قادری ملتانی حفظہ اللہ صدرمدرس مدرسہ دارالعلوم عربیہ کاورم پیٹہ کو آخری سبق سناتے ہوئےتکمیل حفظ قرآن مجید کی سعادت حاصل کی ہے۔بعد ازاں مولانا محترم نے طالبہ اور اس کے والدین و متعلقین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ علم بالخصوص حفظ قرآن تکرار (یعنی روزآنہ تلاوت) سے برقرار رہتاہے تکرار نہ ہوتو پھر علم فرار ہوجاتاہے۔انہوں نے مزید کہا کہ فیش پرستی اور دین بیزاری کے موجودہ ماحول میں مسلمان بچیوں کا دینی تعلیم اور بالخصوص حفظ قرآن مجید کا ذوق خوش آئند اقدام ہے۔

ناظم مدرسہ مولاناحافظ خواجہ فیض الدین نقشبندی فاضل جامعہ نظامیہ نے طالبہ اور ان کے والدین ورشتہ داروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے روزآنہ اہتمام کے ساتھ قرآن حکیم کی تلاوت کرنے کی تلقین کی اور کہا کہ قرآن مجیدمیں مذکوراوامرو نواہی پر عمل پیرا ہوناوقت کی اہم ضرورت بھی ہے۔انہوں نے حدیث شریف کے حوالے سے کہا کہ قرآن مجید کی تلاوت صرف ثواب یا خیر وبرکت کے لئے نہیں بلکہ اس کو سمجھ کر عمل کرنے کے جذبے سے کی جانی چاہئے کیونکہ اس کے قاری و عامل کو تلاوت و عمل کی برکت سے اللہ رب العزت کا قرب نصیب ہوتاہے۔اس موقع پر صدرمعلمہ حافظہ حسنی فاطمہ،نائب صدرمعلمہ رئیس سلطانہ،معلمات مدرسہ حافظہ نسرین النساء،عالمہ نازنین فاطمہ،محترمہ مہربیگم،محترمہ کنیز فاطمہ،محترمہ ریشماں بیگم کے علاوہ خواتین وطالبات کی کثیر تعدادموجودتھی۔

 

 

متعلقہ خبریں

Back to top button