زکواۃ کی رقم دلوانے کے نام پر حیدرآباد میں بچی کا اغوا۔ملزمہ گرفتار

حیدراباد: حیدرآباد میں زکواۃ کی رقم دلوانے کے نام پر ایک خاتون نے گداگر خاتون کی بیٹی کا اغوا کرلیا تھا جسے پولیس نے اندرون گھنٹے گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق عنبرپیٹ علاقے سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون اپنی بیٹی الفیہ کے ہمراہ حیدرآباد کی چنچل گوڑہ جیل کے قریب بھیک مانگا کرتی تھی۔کل ایک اجنبی خاتون اس کے پاس پہنچی اور اس نے بتایا کہ اس کے جان پہچان والے زکواۃ کی رقم دے رہے ہیں، اس بہانے سے وہ گداگر‌خاتون اور اس کی بیٹی کو اپنے ساتھ حافظ بابا نگر علاقہ میں لے گئی،وہاں اس نے گدا گر خاتون کی توجہ منتشر کی اور اس کی بیٹی کا اغوا کرکے آٹو میں فرار ہوگئی۔ گداگر خاتون کی شکایت پر پولیس نے کیس درج کرتے ہوئے فوری حرکت میں آ کر سی سی ٹی وی کیمروں کا جائزہ لیا اور 6 سالہ بچی کا اغوا کرنے والی خاتون آسیہ کو شادنگر سے گرفتار کرلیا۔ اسکے قبضہ سے مغویہ لڑکی کو آزاد کروالیا گیا۔ تحقیقات کے دوران پولیس کو پتہ چلا کے آسیہ مغویہ بچی کو 15 ہزار روپے میں فروخت کرنے کے منصوبے میں تھی۔