جڑواں بچوں کی پیدائش لیکن دونوں کی عمر میں ایک سال کا فرق۔ جانیئے کیسے؟

نئی دہلی : امریکہ کی ریاست کیلی فورنیا میں ایک خاتون نے جڑواں بچوں کو جنم دیا لیکن عجیب بات یہ ہے کہ ان دونوں کی یوم پیدائش میں ایک سال کا فرق ہے۔ تفصیلات کے مطابق کیلی فورنیا کے گرین فیلڈ سٹی کی فاطمہ میڈریگل کو جو حاملہ تھی طبعیت بگڑ نے پر 31 دسمبر کو مقامی میڈیکل سینٹر لے جایا گیا۔ اسی رات 11.45 بجے اس نے بیٹے کو جنم دیا اس کے 15 منٹ بعد یعنی 12.00 بجے اس خاتون نے بیٹی کو جنم دیا۔ لڑکے کی یوم پیدائش 31 دسمبر 2021 ہے جبکہ لڑکی یوم پیدائش یکم جنوری 2022 ہے۔ دونوں کی پیدائش کے درمیان 15 منٹ کا فرق ہے لیکن سال بدل جانے کی وجہ سے ان کی عمر میں ایک سال کا فرق آگیا ہے۔ میڈیکل سینٹر نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اس بات کا انکشاف کیا۔ فیس بک پر اپنی تصاویر شیئر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ دونوں بچے اپنی والدہ کے ساتھ صحت مند ہیں۔